عید کے دوسرے دن بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔ کل جو قربانی نہیں کر پائے آج دوسرے دن وہ سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ قربانی کے ساتھ ساتھ چٹ پٹے پکوان بھی تیار کئے جا رہے ہیں، بچوں نے تفریح گاہوں کا رخ کر لیا۔ملک بھر میں گذشتہ روز کی طرح آج بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، جو لوگ قصائی نہ ملنے کے سبب عید کے پہلے دن سنت ابراہیمیؑ ادا نہیں کر سکے وہ آج اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔ قربانی سے فراغت کے بعد مزے مزے کے پکوانوں کی تیاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مہندی لگائے اور چوڑیاں ہاتھوں میں پہنے خواتین کا زیادہ تر وقت کچن اور عید پر آنے والے مہمانوں کی آو بھگت میں گزر رہا ہے۔عوام نے عید پر چٹ پٹے پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے بعد بچوں کیساتھ تفریح گاہوں کا رخ بھی کیا جہاں پر بچے سلائنڈنگ، جٹ ویل سمیت مختلف جھولوں سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔تفریح گاہوں میں اونٹ اور گھوڑے کی سیر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ جھولے لینے کیساتھ شہری مزے مزے کے چٹخارے دار پکوان سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔