پشاور قبائلی اضلاع میں 16 صوبائی نشستوں پر انتخابات آج ہوں گے ، 25 ویں آئینی ترمیم کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کیلئے پہلی بار ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے انتخابات ہورہے ہیں۔
قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں 28 لاکھ 1827 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ وفاق اور پختونخوا کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار تمام نشستوں پر قسمت آزمائیں گے جبکہ جے یو آئی 15اور اے این پی کے امیدوار14 نشستوں پر کھڑے ہیں ۔16 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے 13، 13 ، ن لیگ نے 5، قومی وطن پارٹی نے 3 ، پی ایس پی اور جے یو آئی (س) نے 2، 2 امیدواروں کو کھڑا کیا ہے۔ انضمام شدہ قبائلی اضلاع میں خیبر پختونخوا اسمبلی کیلئے پہلی بار ہونے والے انتخابات میں 202 آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے علاوہ فوج سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔ قبائلی اضلاع کے حلقوں کے تمام پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے جبکہ پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔ڈی جی الیکشنز ندیم قاسم کے مطابق قبائلی اضلاع کی صوبائی نشستوں پر پہلی بار ہونے والے انتخابات کے لیے 8 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور 16 ریٹرننگ افسران تعینات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر انتخابات کی مانیٹرننگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،انتخابی نتائج وٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔