پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جس کی وجہ بھی انتہائی حیران ہے۔
سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمت میں 1750 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا تاریخ کی بلند ترین سطح 86 ہزار 250 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ سونے کی 10 گرام قیمت میں 1500 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 73 ہزار 945 روپے کا ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں ہونے والا اضافہ ڈالر کی قیمت یا عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اتار چڑھاﺅ کے باعث نہیں ہے بلکہ یہ پاکستانیوں کی وجہ سے مہنگا ہورہا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے جب ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونا شروع ہوا تو پاکستانیوں نے دھڑا دھڑ ڈالر خریدنا شروع کردیے جس کے باعث اس کی قیمت یکدم ہی بڑھ گئی تھی۔ جب حکومت کی جانب سے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا گیا تو پاکستانیوں نے اپنی سرمایہ کاری کا رخ سونے کی طرف موڑ دیا اور بھاری مقدار میں سونا خریدنا شروع کردیا جس کے باعث اس کی قیمت ہر نئے دن ایک نیا ریکارڈ قائم کرتی چلی جارہی ہے۔