میر پور پاک فوج کی جانب سے منگل کے روز آنے والے زلزلے سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے کیلئے ابتدائی فضائی وزمینی سروے مکمل کرلیا گیا ہے
آئی ایس پی آر کے مطابق جہلم اور آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے کے باعث ایک فوجی جوان سمیت 22 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ریکارڈ کے مطابق 160 افرادزخمی ہوئے۔ زلزلے کی وجہ سے جاتلاں کے قریب 3 پلوں کو نقصان ہوا، میرپور، جاتلاں اور جاری کس میں سڑکوں کو نقصان پہنچا جبکہ منگلا ڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
پاک فوج دیگر اداروں سے مل کر امدادی کاموں میں مصروف ہے، پاک فوج کی انجینئرنگ ٹیم سڑکوں اورپلوں کی مرمت میں مصروف ہے، ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکل اسٹاف زخمیوں کوطبی امدادمہیاکررہاہے، سی ایم ایچ جہلم اور منگلا میں زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں رات بھرجاری رہیں گی۔