وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے ، پاکستان کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسی دہشت گردی خود کروا کے پاکستان پر الزام لگائے گا ،بھارت کشمیریوں کا قتل عام کرنا چاہتا ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدل کر آخری کارڈ کھیل لیاہے۔
اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مودی سرکار ہٹلر جیسی سوچ رکھتی ہے ، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے ۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدل کر آخری کارڈ کھیل لیاہے ،مودی سرکار نسل پرستوں کا ٹولہ ہے ،یہ ٹولہ بھارت میں صرف ہندﺅں کو دیکھنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پلوامہ جیسی دہشت گردی خود کروا کے پاکستان پر الزام لگائے گا ،بھارت کشمیریوں کا قتل عام کرنا چاہتا ہے ، میں نے نریندر ا مودی سے ہمیشہ امن کی بات کی،پاکستان کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کررہاہے اور کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہتاہے ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے پلوامہ جیسے واقعہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ،بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے ۔ ہمارے لئے افغانستان میں کردار مشکل بنایا جارہا ہے ، افغانستان میں پائیدار امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کشمیر کے معاملے پر ثالثی کیلئے سنجیدہ ہیں، امریکہ سمیت پوری دنیا کو بھارتی عزائم سے باخبر رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رائے عامہ کی جنگ ہے اور ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے ، عالمی عدالت ، سکیورٹی کونسل سمیت ہر فورم پر جائیں گے ، بھارت کی کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کوجنگ میں دھکیلے ، بی جے پی نازی سوچ والی جماعت ہے ، نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم سے اقوام عالم کو آگاہ کریں گے ، دنیا کوبتائیں گے کہ مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے ۔