جلسوں کی تیاریاں جاری
عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف حزب اختلاف کی جماعتیں آج یوم سیاہ منارہی ہیں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومت سمیت پورے ملک میں احتجاجی جلسے کیے جائیں گے جن سے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین و رہنما خطاب کریں گے۔
کراچی
کراچی میں اپوزیشن جماعتیں باغ جناح میں جلسہ کریں گی جس کے وسیع و عریض میدان میں کرسیاں لگ گئی اور اسٹیج بھی سج گیا۔
سندھ کے دارالحکومت میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
پشاور
پشاور میں اپوزیشن جماعتوں کا جلسہ موٹروے چوک پر ہوگا جس سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ خطاب کریں گے۔
صوبائی دارالحکومت میں آج ہی زاک روڈ پر جے یو آئی (ف) ملین مارچ کرے گی جس کی قیادت مولانا فضل الرحمٰن کریں گے۔
کوئٹہ
بلوچستان کے دارالحکومت میں اپوزیشن جماعتوں کا یوم سیاہ کے حوالے سے جلسہ ایوب اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ میں ہوگا جس کی میزبانی پی کے میپ اور این پی کر رہی ہے۔
اس گراؤنڈ میں ہزاروں کرسیاں لگادی گئی ہیں، جہاں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
مریم نواز کے علاوہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی (این پی) کے سربراہ حاصل بزنجو بھی خطاب کریں گے۔
مریم نواز جلسے میں شرکت کرنے کے لیے لاہور سے کوئٹہ روانہ ہوئیں، بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی۔
لاہور
پنجاب کے دارالحکومت کے مال روڈ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ہمراہ دیگر سیاسی جماعتیں جلسہ کریں گی جہاں لیگی صدر شہباز شریف اور رہنما کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔
لاہور میں پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت اہلحدیث اور اے این پی کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی تاہم لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہیں اجازت ملے یا نہ ملے لیکن جلسہ ضرور ہوگا۔
خیال رہے کہ تمام جلسہ گاہوں کے لیے پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، جہاں ہزاروں مرد اور خواتین پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔