آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے کہاہے کہ کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کا امتحان ہے ، ہم کشمیریوں کے لئے آخری گولی اور آخر سپاہی تک لڑیں گے اور کشمیر کیلئے ہم ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔
جی ایچ کیو میں شہدا کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہاکہ جب مجھ سے پاک فوج کی کامیابیوں کے بارے میں سوال ہوتا ہے تو میں جواب دیتا ہوں کہ جب تک آپ جیسے والدین موجود ہیں جو ملک پر جان قربان کرنے والے بیٹے پیدا کرتے ہیں تو دنیا کی کوئی قوت ہم کو شکست نہیں د ے سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا ، دھرتی کے بیٹوں کا خون کل بھی اس ملک کی بنیادوں میں شامل تھا اور آج بھی وطن کے سپوت ملک پر قربان ہونے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک لمبی اور مشکل جنگ تھی لیکن ہمارے جوان ڈٹے رہے ، اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کردیاہے لیکن وطن کے دشمنوں کو کامیا ب نہیں ہونے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے پوری کی ہیں اور اب اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسند کیخلاف اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت سے لڑنے کے بعد اب ہماری جنگ غربت اور بیروزگاری کیخلاف ہے تاکہ ہمارے شہدا کی قربانیاں ضائع نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ظلم کی آگ میں جل رہاہے ، کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈاہے اور اس وقت تک رہے گا جبکہ تک اس کاحل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق نہیں ہوجاتا ۔ انہوں نے کہا کہ میں کشمیری بہنوں اور بھائیوں کویقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کبھی بھی ان کو تنہا نہیں چھوڑے گا ، کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کا امتحان ہے ، ہم کشمیریوں کے لئے آخری گولی اور آخر سپاہی تک لڑیں گے اور کشمیر کیلئے ہم ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ موجودہ افغان امن میں ہمارا بھرپور تعاون ہماری سوچ کاعکاس ہے ، پاکستان نے ہمیشہ افغان امن عمل کی حمایت کی ہے اور گزشتہ کئی ماہ کی کوششوں کے نتیجے میں افغانستان میں امن کی امید نظر آرہی ہے اور امن قائم ہونے تک ہمارا تعاون جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہدا ءکے لواحقین کے عزم اور ہمت کوسلام پیش کرتی ہے ، آپ ہمارا مان ہیں ، یوم دفاع اس بات کی تجدید ہے کہ ہم کوئی شہاد ت نہیں بھولے ، زندہ قومیں اپنے شہیدوں پر ناز کرتی ہیں اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے تحفظ اور بقاءکیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور نہ آئندہ کریں گے ۔ افواج پاکستان زندہ باد پاکستان پائندہ با د۔