بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے نقشہ قدم پر چلتے ہوئے پاکستانی اداکارہ میرا نے بھی ٹی وی رئیلیٹی شو”کون بنے گا میرا پتی” کے ذریعے اپنے جیون ساتھی کی تلاش شروع کردی ہے۔ میرا کا کہنا ہے کہ 26ویں ہفتے میں وہ دلہن کا سرخ جوڑا پہن ہی لیں گی۔
"کون بنے گا میرا پتی”کے نام سے شروع ہونے والے جیو ٹی وی کے رئیلٹی شوکی ابتدائی قسطیں آن آئیر ہوچکی ہیں جن میں میرا نے درجنوں نوجوانوں کے انٹرویو کرکے 13 افراد کے نام فائنل کرلئے ہیں جو اگلے مراحل میں میرا کا من جیتنے کی کوشش کریں گے جبکہ ان میں سے کوئی ایک ایسا نوجوان ہوگا جن سے میرا شو میں ہی شادی کریں گی۔
میرا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی عمر 25 سال ہوگئی ہے ۔ شارٹ لسٹ کئے گئے نوجوانوں نے میرا کو سرخ گلاب اور تاج محل کے ماڈلز دے کر ان کا دل جیتنے کی کوشش کی ہے ۔
میرا نے سوشل ویب سائٹ ٹیوٹر پر لکھا ہے کہ میرے پاس ہزاروں آفرز ہیں لیکن میں شادی اسی نوجوان سے شادی کروں گی جو میرا ہر طرح سے خیال رکھے گا۔ یہ نواجوان کون ہوگا اس کا فیصلہ تو شو کی آخری قسط میں ہوسکے تھے کیوں کہ تب تک منتخب کئے گئے 13 نوجوانوں کو میرا کے لئے ‘ اگنی پرکشا’ دینا پڑے گی ۔
شو کی ایک قسط میں میرا نے ایک لمبے بالوں والے نوجوان سے پوچھا کہ کیاوہ ان کی خاطر اپنے بال منڈواسکتے ہیں ؟ اس پر نوجوان نے نہایت جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ اگر میرا کہیں تو وہ اپنی ناک کٹوادے، بالوں کی بات تو معمولی ہے۔یہ کہتے ہی اس نوجوان نے رونا شروع کردیا۔
شو میں میرا نے بھارتی کی لیجنڈ اداکارہ مینا کماری کی طرح خود کو پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایک نوجوان سے انہوں نے پوچھا کہ وہ کس کی طرح لگتی ہیں تو نوجوان کا جواب تھا” میناکماری”
ایک نوجوان نے میرا کو تاج محل کا ماڈل تحفہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ محبت کی نشانی تاج محل سے بھی کہیں زیادہ خوبصور ت ہیں۔
کچھ نوجوانوں نے اپنی آوازوں میں گانے گا کر میرا کے حسن کی تعریف کی جسے سن کر اداکارہ شرما گئیں۔ کچھ نوجوانوں کے سامنے میرا نے یہ شرط رکھی کہ انہیں سگریٹ پینے والے لوگ پسند نہیں لہذا ان کا دل جیتنے کے لئے سگریٹ چھوڑنا ہوگی۔
میرا نے پچھلے دنوں ٹیوٹر پر لکھا تھا کہ وہ بارہ بج کر تیس منٹ پر ممبئی کے ائیرپورٹ پرپہنچیں گی۔ لہذامقررہ وقت پر نوجوانوں کی اچھی خاصی تعداد ائیرپورٹ پہنچ گئی۔ وہ میرا کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے چین تھے۔
میرا ٹیوٹر پر باقاعدہ سے اپنے خیالات پوسٹ کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنی عمر کے حوالے سے چھڑنے والے تنازع سے لیکر اپنے ‘گوڈ فاردر مہیش بھٹ’ سے تکرار تک سب کچھ اپنے چاہنے والوں سے شیئر کیا ہے ۔ ایک جگہ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ وہ امریکہ کے ہاتھوں اسامہ کی ہلاکت پر خو ش ہیں۔
بشکریہVOA