ماہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے . اس مہینے کی بہت زیادہ فضیلت ہے. لیکن ہم میں سے بہت سے لوگ جانے انجانے میں اس مقدس ماہ کو مذاق کا نشانہ بنارہے ہیں اور ایسا شو کررہے ہیں کہ نعوذ باللہ یہ رحمت کا نہیں زحمت کا مہینہ ہے . آج کل سارا دن موبائل پہ فضول قسم کے ایس ایم ایس آتے رہتے ہیں جن میں مختلف طریقوں سے اس مقدس مہینے کا مذاق بنایا جاتا ہے .
جیسے کہ ایک ایس ایم ایس کچھ اس طرح سے ہے کہ
روزہ دارو! حوصلہ کرو (ساتھ ایک عجیب سی شکل بنی ہوتی ہے) ابھی توچوبیس روزے باقی ہیں اور کیسی شکل نکل آئی ہے.
اس میسج کا مطلب تو یہ بنتا ہے کہ ہمیں روزے نہیں رکھنے چاہئیں کیونکہ روزوں کی وجہ سے ہم کمزور ہورہے ہیں . استغفراللہ.
اسی طرح کے اور بھی بہت سے ایس ایم ایس ہیں جن کی وجہ سے اس مقدس و بابرکت مہینے کا مذاق اُڑایا جارہا ہے. میری تمام اہل اسلام سے درخواست ہے کہ خدارا ہوش کے ناخن لیں اور جو لوگ اس طرح کے ایس ایم ایس پھیلانے میں مصروف ہیں باز آجائیں، خوامخواہ میں شیطان کے آلہ کار نہ بنیں اور اللہ پاک کی ناراضگی مول نہ لیں.ہمیں چاہئیے کہ ہم اس مقدس ماہ میں زیادہ سے زیادہ عبادات کرکے اللہ پاک کی خوشنودی حاصل کریں نہ کہ اللہ پاک کی ناراضگی مول لیں.اور اس طرح ہم اسلامی شعائر کا اور اس مقدس مہینے کا مذاق اڑا کر کس کو خوش کررہے ہیں.
اللہ پاک ہم سب کو نیکی کرنے اور اس کو پھیلانے کی توفیق دے آمین.