فائزر کی جانب سے چیونگ ویاگرا ابتدائی طور پر میکسیکو میں متعارف کرائی گئی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی ہے کہ میکسیکن مردوں کو گولی نگلنے میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا تھا اور ’ویاگرا جیٹ‘ نامی یہ چیونگ ٹیبلٹ، فائزر کی میکسکیو شاخ نے ہی تیار کی ہے۔ چار سال سے اس چبانے والی ویاگرا کی تیاری پر کام جاری تھا اور 21 مارچ سے اس کی باقاعدہ فروخت شروع کر دی جائے گی۔
امریکی دوا ساز کمپنی کے مطابق اس ٹیبلٹ کو میکسیکو کی منڈی کو نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ لاطینی امریکہ میں برازیل کے بعد میکسیکو ویاگرا کی فروخت کے حوالے سے سب سے بڑی منڈی ہے۔ فائزر کے مطابق یہ ڈاکٹروں اور مریضوں دونوں کے لیے ایک متبادل ہے۔ کیونکہ ایسے بہت سے مریض ہیں، جو گولی نگل نہیں سکتے۔
فائزر کے مطابق تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ 60 فیصد مریض ویاگرا کھانے سے پہلے یا تو گولی کا چورا کر لیتے ہیں اور اگر کیپسول ہو تو اسے کھول کر کھاتے ہیں۔ ایک طبی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میکسیکو میں 6 ملین مرد ایسے ہیں، جو مردانہ کمزوری کا شکار ہیں۔ فائزرکے اندازوں کے مطابق ان میں سےصرف ایک ملین ایسے ہیں، جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ صرف میکسیکو میں ہی فائزر کی 3 ملین ویاگرا فروخت ہوتی ہیں۔ امریکی دوا ساز کمپنی کا ارادہ ہے کہ جلد ہی ویاگرا جیٹ کو لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔