پریانکا انسٹاگرام پر ایک تصویر لگانے کے کروڑوں روپے لیتی ہیں
بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا شمار جہاں کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا ہے وہیں ان کا شمار زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں بھی ہوتا ہے۔
پریانکا چوپڑا جہاں ایک بولی وڈ فلم کا موازا تقریباً 11 سے 12 کروڑ کے درمیان لیتی ہیں، وہیں وہ سوشل میڈیا پر تشہیر کے بھی کروڑوں روپے وصول کرتی ہیں۔
خبر سامنے آئی ہے کہ پریانکا چوپڑا فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تشہیری پوسٹ یا تصویر لگانے کے 271000 ڈالر حاصل کرتی ہیں جو 4 کروڑ 36 لاکھ 98 ہزار 750 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق Hopperhq.com نامی ویب سائٹ نے انسٹاگرام پر سال 2019 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ستاروں کی فہرست جاری کی ہے۔
اس فہرست میں پریانکا چوپڑا 19ویں نمبر پر ہیں، جن کے اکاؤنٹ کو 4 کروڑ 33 لاکھ صارفین فالو کررہے ہیں۔
اس فہرست میں نمبر ون پر امریکی ٹی وی ریئلٹی شو اسٹار کایلی جینر ہیں جو ایک پوسٹ یا تصویر انسٹا پر مداحوں سے شیئر کرنے کے 1266000 ڈالر کماتی ہیں، جو کہ 20 کروڑ 41 لاکھ، 42 ہزار 500 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔
کایلی جینر کو انسٹاگرام پر 14 کروڑ 10 لاکھ صارفین فالو کررہے ہیں۔
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اس فہرست میں 23ویں پوزیشن پر ہیں جو ایک پوسٹ کے 196000 ڈالر (3 کروڑ 16 لاکھ 5 ہزار پاکستانی روپے) کماتے ہیں۔
ویرات کوہلی کو انسٹاگرام پر 3 کروڑ 82 لاکھ افراد فالو کررہے ہیں۔
انسٹاگرام کی اس فہرست میں امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے، گلوکارہ ٹیلر سوفٹ، ریئلٹی شو اسٹار کم کارڈاشین اور کینڈل جینر اور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو بھی شامل ہیں۔
انسٹاگرام پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والوں کی یہ فہرست دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے اسٹارز کو جمع کرکے تیار کی گئی، جن کا تعلق کھیل، آرٹ اور دیگر شعبوں سے ہے۔
یہ ستاروں مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا پر فعال رہتے ہیں جو اپنے پروجیکٹس کی تشہیر انسٹا کی مدد سے بھی کرتے ہیں۔