بولی وڈ کے نامور اداکار نوازالدین صدیقی کی بہن 26 سالہ سیاما تمشی صدیقی طویل عرصے کی علالت کے بعد بھارتی شہر پونے کے ہسپتال میں انتقال کرگئیں۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سیاما کے انتقال کے وقت نوازالدین صدیقی امریکا میں اپنی فلم ‘نو لینڈز مین’ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سیاما 18 سال کی عمر سے ہی بریسٹ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور 8 سال تک اس موذی مرض سے جنگ لڑتے ہوئے وہ پونے کے ایک ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نوازالدین صدیقی نے سوشل میڈیا پر بھی اپنی بہن کے کینسر میں مبتلا ہونے سے متعلق ایک ٹوئٹ شیئر کی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نوازالدین صدیقی نے سیاما کے ہمراہ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ‘میری بہن 18 سال کی عمر سے بریسٹ کینسر جیسے مرض کا شکار ہے لیکن بہادری سے ان مشکلات سے آج بھی لڑ رہی ہے’۔
نوازالدین کے مطابق ‘وہ آج 25 برس کی ہوگئی اور آج تک یہ جنگ جاری ہے’۔