پاکستان کے نامور اداکار یاسر حسین اور اقرا عزیز نے رواں سال منگنی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
یہ دونوں اکثر و بیشتر متعدد ایوانٹس میں اکٹھے نظر آتے، جبکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ساتھ تصاویر بھی شیئر کرتے رہے، جس کے بعد رواں سال ان دونوں نے خفیہ طور پر منگنی کی تھی۔
بعدازاں یاسر حسین نے اقرا عزیز کو لکس اسٹائل ایوارڈز میں پوری دنیا کے سامنے انگوٹھی پہنا کر شادی کی پیشکش کی۔
حال ہی میں اقرا عزیز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر یاسر حسین کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی تھی جس کے بعد سے ان دونوں کی شادی کے حوالے سے خبریں سامنے آنے لگی۔
اقرا عزیز نے اس تصویر پر لکھا تھا کہ ‘میں زندگی میں آج تک ایسے انسان سے نہیں ملی، جو اتنا ساتھ دینے والا ہو جتنا کہ تم ہو، ہمارے رشتے کو آفیشل ہونے تک کے دن گن رہی ہوں’۔
اس کے بعد سے مداحوں کو ان دونوں کی شادی کا بےصبری سے انتظار ہے۔
اور اب دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرلی، جن میں اقرا اور یاسر دلہا دلہن کے روپ میں نظر آئے۔
ان تصاویر میں یاسر حسین شیروانی میں نہایت خوبرو نظر آئے، جبکہ اقرا عزیز نے نہایت خوبصورت عروسی جوڑا زیب تن کر رکھا ہے۔
تاہم یہ تصاویر ان دونوں کی شادی کی نہیں بلکہ ایک فوٹو شوٹ کی ہیں جو نامور ڈیزائنر علی ذیشان کے عروسی ملبوسات کے لیے کیا گیا۔
علی ذیشان نے کی برائڈل کلیکشن ‘پریم نگر’ کے لیے ان دونوں اداکار نے یہ فوٹو شوٹ کیا ہے۔
یاس حسین نے اس فوٹو شوٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ایک ملکہ کی کہانی میں بادشاہ بادشاہ نہیں غلام ہوتا ہے اور غلام حاضر ہے’۔
اس پر اقرا نے کمنٹ میں لکھا کہ ‘کاش میں لفظوں میں آپ سے جیت پاتی’۔
واضح رہے کہ یہ دونوں اس وقت ایک ڈرامے میں کام کررہے ہیں، جبکہ یاسر حسین کی فلم ‘ہاف فرائے’ میں بھی اقرا ایک معاون کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔