پاکستان کی کامیاب اداکارہ ماہرہ خان کی بڑھتی ہوئیں مقبولیت کا اندازہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے لگایا جاسکاتا ہے، جسے ہر گزرتے دن کے ساتھ پرستاروں کی بڑی تعداد فالو کررہی ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ماہرہ خان پاکستان کی وہ پہلی نامور شخصیت بن چکی ہیں جنہیں انسٹاگرام پر 50 لاکھ مداحوں نے فالو کرلیا۔
ماہرہ خان کے مداح صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں موجود ہیں۔
رواں سال پیرس فیشن ویک میں جلوہ گر ہونے کے بعد ماہرہ خان نے اپنے لکس سے ہر کسی کا دل جیت لیا۔
خیال رہے کہ وہ گزشتہ سال کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔
ماہرہ خان پاکستان کی پہلی اداکارہ ہیں جو لوریل برینڈ کی سفر مقرر ہوئیں۔
انہوں نے 2006 میں ایم ٹی وی چینل کے ایک شو موسٹ وانٹڈ کی وی جے کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا۔
ماہرہ نے 2011 میں ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ‘بول’ کے ساتھ اداکاری کا آغاز کیا، اس فلم میں ماہرہ نے معاون کردار نبھایا تھا۔
اداکارہ کا پہلا ڈراما ‘نیت’ 2011 میں ہی سامنے آیا تھا، جس کی ہدایات مہرین جبار نے دی تھی۔
البتہ ماہرہ خان کی کامیاب کی وجہ ان کا ڈراما ‘ہمسفر’ بنا، جس کی ہدایات سرمد کھوسٹ نے دی تھی، اس ڈرامے میں ماہرہ خان کے ہمراہ فواد خان نے اہم کردار نبھایا تھا۔
یہ ڈراما صرف پاکستان میں ہی نہیں بھارت میں بھی کامیاب ثابت ہوا، جس کے بعد ماہرہ خان کو بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم ‘رئیس’ میں کام کرنے کا موقع ملا۔
اس کے بعد وہ شہر ذات اور صدقے تمہارے جیسے کامیاب ڈراموں میں جلوہ گر ہوئیں۔
ماہرہ خان ‘بن روئے’، ‘منٹو’، ‘ہو من جہاں’، ‘ورنہ’، ‘سات دن محبت ان’ اور ‘سپراسٹار’ جیسی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔
ان کی فلم ‘دی لیجنڈز آف مولا جٹ’ کا بھی مداحوں کو بےصبری سے انتظار ہے۔
واضح رہے کہ جہاں ماہرہ خان کو انسٹاگرام پر 50 لاکھ سے زائد مداح فالو کررہے ہیں، وہیں اداکارہ ایمن خان اور سجل علی بھی اس دوڑ میں زیادہ پیچھے نہیں۔
ایمن خان کے اکاؤنٹ کو اب تک 47 لاکھ سے زائد مداح فالو کرچکے ہیں۔
جبکہ سجل علی کے اکاؤنٹ کو 42 لاکھ مداح فالو کررہے ہیں۔