گزشتہ صدی کی 25 بااثر خواتین میں شمار ہونے والی اور موسیقی کی دنیا کی رانی کہلائی جانے والی امریکی گلوکارہ، اداکارہ، لکھاری و موسیقار میڈونا پر ایک مداح نے تاخیر سے میوزیکل شو شروع کرنے پر مقدمہ کردیا۔
61 سالہ میڈونا گزشتہ ایک سال سے امریکا میں اپنے میوزیکل فیسٹیول منعقد کرنے میں مصروف ہیں اور رواں سال کے آخر اور آنے والے سال کے آغاز تک وہ مختلف شہروں میں میوزیکل شوز منعقد کرتی دکھائی دیں گی۔
میڈونا کے ان شوز کی ایک ٹکٹ کی قیمت 261 امریکی ڈالر سے 1724 امریکی ڈالر تک ہے اور ان کے شوز دیکھنے کے لیے لوگوں کی قطاریں لگی ہوئیں۔
میڈونا کے میوزیکل شوز کی تمام ٹکٹ شو کی تاریخ سے کم سے کم تین ماہ قبل ہی فروخت ہوجاتی ہیں اور مداح شو کو کئی گھنٹے گزرجانے کے بعد بھی ان کی پرفارمنس کے سحر میں ڈوبے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
اگرچہ عام طور پر اداکارہ مقررہ وقت پر میوزیکل شو شروع کردیتی ہیں، تاہم حال ہی میں ایک مداح نے ان پر دو گھنٹے کی تاخیر سے شو شروع کرنے پر مقدمہ کردیا۔
گلوکارہ کے مداح نے نہ صرف میڈونا بلکہ ان کے شوز کو منعقد کرنے والی انٹرٹینمنٹ چینل پر بھی مقدمہ کردیا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے میڈونا کے مداح نیت ہلیندر نے گلوکارہ کے خلاف میامی بیچ کی وفاقی عدالت میں رواں ماہ 4 اکتوبر کو مقدمہ دائر کیا۔
رپورٹ کے مطابق مداح نے گلوکارہ پر گزشتہ ماہ 19 اکتوبر کو میامی بیچ میں ہونے والے ایک شو کو تاخیر سے شروع کرنے پر مقدمہ کردیا۔
مداح نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے گلوکارہ کے شو کے 10 ہزار امریکی ڈالر سے زائد رقم میں تین ٹکٹ خریدے جن پر میڈونا کے شو کا وقت رات کے ساڑھے 8 بجے درج تھا۔
مداح نے اپنی درخواست میں کہا کہ تاہم بعد ازاں میڈونا اور شو انتظامیہ نے شو کا ٹائم تبدیل کرکے رات کے ساڑھے 10 بجے کردیا اور شو کو ٹکٹ میں درج وقت سے 2 گھنٹے بعد شروع کیا گیا۔
مداح نے درخواست میں دعویٰ کیا کہ گلوکارہ کی جانب سے شو کو 2 گھنٹے تاخیر سے شروع کیے جانے کی وجہ سے انہیں جذباتی الجھن کا سامنا کرنا پڑا۔
ساتھ ہی مداح نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹ واپسی کا بھی کوئی آپشن نہیں دیا تھا، اس لیے انہیں سخت پریشانی کا سامنا رہا۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ ان کی طرح دیگر افراد کو بھی شو تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹ واپسی نہ کرنے کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار رہے۔
اپنی درخواست میں مداح نے گلوکارہ اور شو منعقد کرنے والی انتظامیہ پر ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ عدالت کب تک اس کیس کا فیصلہ سنائے گی۔
خیال رہے کہ میڈونا کا مذکورہ شو ان کے 14 ویں میوزیکل ایلبم کے گانوں پر مبنی تھا اور گلوکارہ کی اسی ایلبم کے شوز آئندہ برس مارچ تک امریکا سمیت یورپ کے مختلف ملکوں میں ہوتے رہیں گے۔
میڈونا کا پہلا میوزیکل ایلبم 1983 میں ریلیز ہوا تھا اور انہیں دنیا کی مقبول ترین خاتون گلوکارہ کا اعزاز بھی حاصل ہے، ان کے میوزک ایلبمز کی 3 کروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں اور انہیں گلیمر و فیشن آئیکون بھی کہا جاتا ہے۔
میڈونا گزشتہ صدی کی دنیا کی 25 بااثر خواتین میں سے ایک ہیں اور انہوں نے کئی دہائیوں تک پاپ موسیقی پر بادشاہی کی۔
میڈونا نے اور بھی کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔
وہ امریکی ریاست مشی گن میں اگست 1958 میں پیدا ہوئیں اور چند سال بعد موسیقی اور رقص کی تربیت کے لیے نیویارک منتقل ہوگئیں۔
میڈونا نے 1980 میں کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے امریکا کے بعد یورپ اور پھر دنیا بھر میں مشہور ہوگئیں اور انہیں ’پاپ موسیقی کی ملکہ‘ کہا جانے لگا۔
میڈونا نے انتہائی پرتعیش، رنگین اور پرکیف زندگی گزاری اور انہوں نے دنیا میں فیشن کے نت نئے ٹرینڈز متعارف کرائے۔
میڈونا نے دو شادیاں کیں تاہم ان کے تعلقات متعدد اداکاروں اور گلوکاروں سمیت صنعت کاروں سے بھی رہے۔
میڈونا نے پہلی شادی 1985 میں اپنے کیریئر کے آغاز اور ہولی وڈ میں انٹری کے وقت اداکارہ سین جسٹن پین سے کی، تاہم 4 سال بعد 1989 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔
میڈونا نے دوسری شادی 2000 میں فلم پروڈیوسر و ہدایت کار اسٹارٹ رچی سے کی اور دونوں کی شادی 8 سال چلنے کے بعد 2008 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
گلوکارہ میڈونا نے تین بچوں کو گود بھی لے رکھا ہے اور وہ مجموعی طور پر 6 بچوں کی پرورش کرتی ہیں۔