Abrar-ul-Haq’s Chamkeeli comes under fire for apparently insulting men and women
A petitioner, Adv Rana Adnan Asghar, has filed a claim against the song ‘Chamkeeli’ in civil court, Lahore. According to the claim, the song is an insult to both men and women. The courts have been requested to ban the track, removing it from YouTube.
پاکستان کے نامور گلوکار ابرار الحق کے حال ہی میں سامنے آئے گانے ‘چمکیلی’ پر پابندی کے لیے لاہور کی سول عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔
ایڈووکیٹ رانا عدنان اصغر نے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ گلوکار نے اپنے گانے میں مردوں اور خواتین دونوں کی تضحیک کی ہے، اس لیے گانے کی ویڈیو کو یوٹیوب سے ہٹانے کے ساتھ اس پر پابندی لگانے کا حکم دیا جائے۔
سول جج ضیا الرحمٰن نے مقدمے کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ ابرارالحق اور پیمرا سے جواب بھی طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ ابرارالحق کا گانا ‘چمکیلی’ رواں ماہ کے آغاز میں سامنے آیا تھا، اس گانے میں نامور اداکارہ مہوش حیات اور یوٹیوب اسٹار شاہ ویر جعفری نے اداکاری کی۔
گانے میں مہوش حیات چمکیلی نامی دلہن کے روپ میں نظر آئیں، جو اپنی بارات لےکر اپنے دلہا شاہ ویر کو رخصت کرانے ان کے گھر پہنچ گئیں تھی۔
گانے کی ریلیز کے بعد بھی سوشل میڈیا پر گلوکار کو روایات کو تبدیل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ابرارالحق کا کوئی گانا تنازع کا شکار ہوا ہو۔
اس سے قبل ان کا مقبول گانا ‘نچ پنجابن’ بھی تنقید کی زد میں آچکا ہے، جس کے بعد گلوکار کو بعدازاں گانے کا ٹائٹل ‘نچ پنجابن’ سے تبدیل کرکے ‘نچ مجاجن’ رکھنا پڑا۔
حال ہی میں کوک اسٹوڈیو میں سامنے آئے ان کے گانے ‘بلو’ کو بھی کاپی رائٹس کی وجہ سے ہٹادیا گیا تھا۔