حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کاف کنگنا‘ میں جلوہ گر ہونے والی اداکارہ عائشہ عمر نے اعتراف کیا ہے کہ اب تک ان کی کوئی بھی ’اچھی فلم‘ ریلیز نہیں ہوئی۔
جہاں انہوں نے اب تک ریلیز ہونے والی اپنی فلموں کو ’انتہائی اچھا‘ قرار نہیں دیا، وہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی ان کی سب سے بہترین فلم ریلیز ہوگی۔
عائشہ عمر اگرچہ متعدد ڈراموں میں شاندار کردار ادا کر چکی ہیں اور وہ بطور ماڈل بھی خود کو منوا چکی ہیں، تاہم انہوں نے چند ہی فلموں میں کام کیا ہے اور ان کے بقول اب تک ریلیز ہونے والی ان کی تمام فلمیں انہیں اچھی نہیں لگیں۔
عائشہ عمراگرچہ 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لو میں گم‘ میں نظر آئی تھیں، تاہم انہوں نے بطور مرکزی اداکارہ 2015 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک فلم ’کراچی سے لاہور‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
عائشہ عمر کی ’کراچی سے لاہور‘ کو بہت سراہا گیا تھا، بعد ازاں وہ یلغار میں بھی دکھائی دیں اور حال ہی میں ان کی فلم ’کاف کنگنا‘ بھی ریلیز ہوئی تھی۔
عائشہ عمر گزشتہ برس ریلیز ہونے والی رومانٹک فلم ’سات دن محبت ان‘ میں بھی دکھائی دی تھیں اور جلد ہی وہ مزید فلموں میں بھی دکھائی دیں گی۔
امریکی نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکا‘ سے بات کرتے ہوئے عائشہ عمر نے دعویٰ کیا کہ ان کی آنے والی فلمیں ان کی اب تک ریلیز ہونے والی فلموں سے اچھی ہوں گی۔
عائشہ عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں اب تک ریلیز ہونے والی اپنی کوئی بھی فلم اچھی نہیں لگی، تاہم انہیں یقین ہے کہ جلد ہی ان کی سب سے بہترین فلم ریلیز ہوگی۔
عائشہ عمر نے اگرچہ مستقبل میں ریلیز ہونے والی فلم کے حوالے سے مزید وضاحت نہیں کی، تاہم خبریں ہیں کہ وہ کامران شاہد کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک فلم سمیت ’رہبرا‘ میں بھی دکھائی دیں گی۔
اگرچہ ’رہبرا‘ کی شوٹنگ کچھ عرصے سے جاری تھی، تاہم اداکارہ نے بتایا کہ کچھ وجوہات کی وجہ سے اس کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی ہے۔
اداکارہ سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی صوبہ بلوچستان کی دیہی اور مشکلات سے بھری زندگی پر بننے والی ایک فلم میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ عائشہ عمر کی کون سی فلم سب سے پہلے ریلیز ہوگی، تاہم اداکارہ نے اپنی آنے والی فلموں کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ وہ ان کی بہترین فلمیں ہوں گی۔