ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اینیمیٹڈ کامیڈی فلم Rio نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا ہے۔
اس فلم نے پہلے تین دنوں میں چالیس ملین ڈالر کا بزنس کیا جبکہ دنیا بھر کے شائقین اس فلم میں اپنی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں اور یہ دلچسپی ابھی تک کم نہیں ہوئی۔
تھری ڈی کارٹون فلم رِیو میں ’سوشل نیٹ ورک‘ کے سٹار جیسی آئزنبرگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ رواں برس ریلیز ہونے والی دیگر فلموں کے مقابلے میں اس فلم نے اپنے ابتدائی چند دنوں میں ہی تمام بزنس ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اس سے قبل رواں برس اینیمیٹڈ فلم ’رانگو‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے کے دروان دو ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔
رِیو نامی یہ فلم بچوں اور بڑوں دونوں ہی طرح کے شائقین کی یکساں دلچسپی کا باعث بن رہی ہے۔ مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق اس فلم کو دیکھنے کے لیے آنے والوں میں پچاس فیصد بچے ہوتے ہیں تو پچاس فیصد ہی بالغ فلم بین۔ تاہم ابھی تک خواتین اس فلم میں کچھ زیادہ ہی دلچسپی لے رہی ہیں۔
اس فلم کے ہدایتکار کارلوس سالدانا ہیں۔ اس فلم کی کہانی Blu نامی ایک ایسے پالتو طوطے کے گرد گھومتی ہے، جسے اڑنے کا کوئی شوق نہیں اور وہ امریکی ریاست Minnesota کے ایک چھوٹے سے قصبے میں خوشی سے زندگی بسر کر رہا ہو تا ہے کہ اس کی ملاقات اپنی ہی نسل کے Jewel نامی ایک مادہ پرندے سے ہوتی ہے۔ پھر یہ دونوں پرندے اپنے خوابوں کی تلاش میں اڑ کر ریو ڈی جینیرو جاتے ہیں، جہاں انہیں مختلف قسم کی مشکلات پیش آتی ہیں۔
اس اینیمیٹڈ فلم میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ایسا سماں باندھا گیا ہے کہ فلم بین بس اس میں کھو ہی جاتا ہے۔ ناقدین کے بقول اس فلم نے سینما گھروں کو خیر باد کہہ دینے والوں کو بھی واپس سینماؤں میں پہنچا دیا ہے
DWD