ہولی وڈ اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ کا کہنا ہے کہ انہیں ہم جنس پرست ہونے سے روکا گیا جبکہ ایک فلم کی آفر دینے کے لیے جنسی رجحانات کو چھپانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
ہارپر بازار کو دیے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے ہم جنس پرست ہونے کے حوالے سے کئی حیران کن انکشافات کیے۔
29 سالہ کرسٹین کا کہنا تھا کہ ‘مجھے کہا گیا تھا کہ میں اپنے اوپر یہ احسان کروں اور اپنی گرل فرینڈ کا ہاتھ پبلک میں سب کے ساتھ تھامنا چھوڑ دوں، ایسا کرنے پر مجھے مارول اسٹوڈیو کی فلم مل سکتی ہے، لیکن میں ایسے لوگوں کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی’۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘اس کا کیا مطلب ہے؟ کہ میں کسی ایسے کے ساتھ باہر نہیں جاسکتی جسے میں پسند کرتی ہوں؟ یا اس کے بارے میں انٹرویو میں بات نہیں کرسکتی؟ مطلب مجھے یہ سکھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دنیا میں لوگ مجھے میرے انتخابات کے باعث پسند نہیں کرتے، انہیں پسند نہیں کہ میرا تعلق ایک لڑکی کے ساتھ ہے اور مجھے کامیابی حاصل کرنے کے لیے اور اپنا کیریئر بچانے کے لیے ویسا ہونا چاہیے جیسا سب چاہیں گے؟’
کرسٹین اسٹیورٹ کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کی جائے تو وہ ہمیشہ ہی متنازع رہی۔
اداکار نے 2009 میں نامور اداکار روبرٹ پیٹنسن کے ساتھ تعلق قائم کیا، ان دونوں نے کامیاب فلم سیریز ‘ٹوئلاتئٹ’ میں کام کیا تھا جبکہ ان کا افیئر کئی سال چلا۔
2012 میں کرسٹین اسٹیورٹ نے اپنی فلم ‘سنو وائٹ اینڈ دی ہنٹس مین’ کے ہدایت کار روپرٹ سینڈرز کے ساتھ تعلق قائم کرلیا، جو شادی شدہ تھے، بعدازاں روبرٹ کو دھوکہ دینے اور شادی شدہ شخص سے افیئر چلانے پر اداکارہ نے معافی بھی مانگی۔
اس ہی سال کرسٹین اور روبرٹ پیٹنسن دوبارہ ساتھ نظر آنے لگے، البتہ 2013 میں ان دونوں نے اپنا تعلق ختم کردیا۔
2016 میں اداکارہ کا نام گلوکارہ اینی کلارک کے ساتھ جوڑا گیا جبکہ ان سے تعلق ختم کرنے کے بعد کرسٹین نیوزی لینڈ کی ماڈل اسٹیلا میکس ویل کے ساتھ تعلق میں رہیں۔
اس دوران اداکارہ نے اپنے ہم جنس پرست ہونے کا اعلان بھی کیا جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
کرسٹین اسٹیورٹ اور اسٹیلا میکس ویل کا بریک اپ 2018 میں ہوا جس کے بعد اس ہی سال دسمبر میں انہوں نے اپنی اسٹائلسٹ سارا ڈنکن سے تعلق جوڑا، جو رواں سال مئی تک قائم رہا، جس کے بعد ان دونوں میں بھی علیحدگی ہوگئی۔
اداکارہ نے 2017 میں ہارپر بازار کو دیے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ وہ دوبارہ مردوں کے ساتھ تعلق جوڑنے کی خواہش مند ہیں اور وہ اپنی زندگی میں سب کچھ کرنا چاہتی ہیں۔
کیریئر کے حوالے سے بات کی جائے تو کرسٹین اسٹیورٹ اس وقت فلم ‘چارلیز اینجلز’ میں کام کررہی ہیں جو رواں سال اکتوبر میں ریلیز ہوگی۔