Hum Awards 2019
KARACHI: The 7th Hum Awards put on a show with some of our favourite celebrities donning their ensembles in Houston, Texas
7ویں ہم ایوارڈز کا میلہ امریکی شہر ہیوسٹن میں سجا، جہاں پاکستانی شوبز سے تعلق رکھنے والی بڑی بڑی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ہر کسی کی نظر اسٹارز کے انداز پر رہی، کون کس لباس میں سبز کارپٹ پر چلا اور کس نے سب سے زیادہ متاثر کیا۔
یہاں آپ کے پسندیدہ ستاروں کے ہم ایوارڈز میں اپنائے انداز کی تصاویر موجود ہیں، البتہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اس سال کی تقریب میں بہت کم ستارے اپنے انداز سے متاثر کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی شاندار جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید ایک ساتھ ہم ایوارڈز کی تقریب کا حصہ بنے، اس دوران یہ دونوں ایک ہی رنگ کے روایتی ملبوسات میں نہایت خوبصورت نظر آئے، البتہ عروہ حسین کے لباس میں کچھ ایسا خاص نہیں تھا جس سے وہ سب کی توجہ کا مرکز بن جاتی۔
سنو چندا سے پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری پر چھانے والی اقرا عزیز بھی اس تقریب کا حصہ بنی، اس دوران انہوں نے سبز رنگ کا گاؤن زیب تن کیا، البتہ ان کا یہ انداز متاثر کرنے میں ناکام رہا، اداکارہ کا یہ گاؤن نومی انصاری نے ڈیزائن کیا تھا۔
عروہ حسین کی بہن اداکارہ ماورا حسین بھی اس تقریب میں سبز رنگ کا لہنگا پہن کر شریک ہوئیں، تاہم ایسا کہنا غلط نہیں ہوگا کہ شاید اداکارہ یہ بھول گئیں کہ وہ کسی مہندی کی تقریب میں نہیں بلکہ ایوارڈ شو میں شرکت کررہی ہیں۔
ہانیہ عامر اور عاصم اظہر ایک ساتھ ہم ایوارڈز کی تقریب کا حصہ بنے، اس موقع پر ہانیہ عامر نے مجنڈا رنگ کی ساڑھی پہنی، جس میں وہ خوبصورت تو نظر آئیں، البتہ وہ اپنی عمر سے بڑی لگ رہی تھیں۔
عاصم اظہر کا لباس بھی متاثر کرنے میں ناکام رہا، البتہ وہ واحد بات، جو ان کے اس انداز میں متاثر کرنے میں کامیاب رہی، وہ ان کا اسکارف تھا جس پر آئی لو کشمیر تحریر تھا۔
عائشہ عمر کا لباس بھی نومی انصاری نے ڈیزائن کیا، وہ اس تقریب میں سرخ رنگ کے گاؤن میں نظر آئیں، اداکارہ نے اپنے اسٹائل سے متاثر تو کیا تاہم وہ اس قسم کے انداز میں پہلے بھی بہت بار نظر آچکی ہیں، امید ہے وہ اگلی مرتبہ کچھ منفرد اسٹائل اپنائیں گی۔
اداکارہ سارہ خان بھی ہمیشہ کی طرح نہایت خوبصورت نظر آئیں، انہوں نے سنہرے رنگ کا روایتی جوڑا زیب تن کر رکھا تھا لیکن ان کا یہ انداز بھی کسی ایوارڈ کی تقریب کے بجائے شادی کی تقریب جیسا نظر آیا۔
اداکارہ یمنہ زیدی کو ہم ایوارڈز کی رات ڈر سی جاتی ہے صلہ کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا لیکن اگر ان کے انداز کی بات کی جائے تو وہ اس موقع پر متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔
اداکارہ مومل شیخ نے اس سال ہم ایوارڈز کی میزبانی کی، تاہم ان کا اسٹائل بالکل بھی متاثر کن نہیں تھا۔
ریما خان نے اس موقع پر سفید اور سنہرے رنگ کی انارکلی فراک زیب تن کی، ان کے اس انداز کو ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔
اداکارہ صنم جنگ ہم ایوارڈز کی تقریب کے سبز کارپٹ پر نیلے رنگ کا گاؤن زیب تن کیے جلوہ گر ہوئیں، البتہ نہ تو ان کا گاؤن توکات حاصل کرنے میں کامیاب ہوا اور نہ ہی اداکارہ خود اس میں متاثر کن نظر آئیں۔
اداکار یاسر حسین اپنی منگیتر اقرا عزیز کے ہمراہ اس تقریب کا حصہ بنے، انہوں نے سیاہ رنگ کا کرتا شیروانی زیب تن کیا لیکن انہیں دیکھ کر بھی ایسا ہی لگا جیسے وہ کسی شادی کی تقریب سے سیدھا ایوارڈ شو میں آگئے۔
آپ کو سب سے زیادہ کس اسٹار کا انداز پسند آیا؟ ہمیں کمنٹ میں بتائیں۔ (فوٹو بشکریہ/ ٹوئٹر)