نئی بھارتی فلم ’تھینک یو‘ ریلیز کے لئے تیار ہے۔ اس فلم کی کہانی 70 اور 80 کے عشرے میں باکس آفس پر سپر ہٹ ہونے والی فلم’پتی، پتنی اور وہ‘سے ملتی جلتی ہے۔ اگرچہ اب تک اس موضوع پرناجانے کتنی فلمیں بن چکی ہیں لیکن آج چار عشروں بعد بھی ممبئی کے فلم میکر اس مصالحے کو نئے نئے انداز سے پیش کررہے ہیں۔ انیس بزمی بھی انہی پروڈیوسرز میں شامل ہیں۔ وہ اس سے قبل بڑی کاسٹ اوربڑے بجٹ کی فلم ’نو پرابلم‘ بناچکے ہیں جو فلاپ رہی۔ اب ایک بار پھر انیس نے اسی پرانے فارمولے کا سہارا لیا ہے۔
دراصل انیس بزمی نے کچھ سال پہلے جب شکی بیوی اور دل پھینک شوہر کے موضوع پر فلم ’نو اینٹری‘ بنائی تو کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ اب ’نو اینٹری‘ کی کہانی کو ہی تھوڑا بہت تبدیل کرکے ’تھینک یو‘ میں پیش کیا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس بارفلم میں دل پھینک شوہروں کی بیویاں،شوہروں کو صحیح راستے پر لانے کے لئے جاسوس کی مدد لیتی ہیں۔ اگر آپ تھوڑا سا پیچھے جائیں توڈائریکٹر ڈیوڈ دھون نے بھی فلم "شادی نمبر ون” میں یہی کچھ دکھایا تھا۔
انیس نے رشتے دارکے بجائے جاسوس کے رول میں اکشے کمار کو چناہے۔ اکشے کمار سے وہی سب کروایا گیا ہے جس کے لئے وہ ناظرین میں پہلے سے پسند کئے جاتے ہیں۔ کینیڈا کی بہترین لوکیشن پر شوٹ کی گئی اس فلم میں انیس نے آپ کو ہنسانے اور سنیما ہال سے ہنستے ہنستے باہر نکالنے کا ہر فارمولا آزمایا ہے جو ناظرین کے لئے اوور ڈوز بھی ہوسکتا ہے۔
راج ( بابی دیول)، یوگی (سنیل شیٹی) اور وکرم (عرفان خان) تینوں گہرے دوست ہیں۔ ایک ساتھ بزنس کرتے ہیں۔ خوب صورت لڑکیاں ان کی کمزوری ہیں۔ ان تینوں کی بیویوں سنجنا ( سونم کپور)، مایا (سیلینا جٹیلی) اور شیوانی (ریمی سین) اس بات سے بے خبر ہیں کہ ان کے شوہر کس حد تک دل پھینک عاشق ہیں۔ وہ ہر روز آفس جانے کے بہانے کہیں بھی دل لگانے چلے جاتے ہیں ۔
ان تینوں کے برے دن اس وقت شروع ہوتے ہیں جب یوگی کی بیوی مایا اسے کسی کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑلیتی ہے۔ اس کے بعد مایا اپنی سہیلی سنجنا کے گلے میں ایک ہار دیکھ کر بتاتی ہے کہ اس ہار کے ساتھ ایک ہار فری کی اسکیم تھی اس لئے دوسرا ہار کہاں ہے۔ مایا، سنجنا کو بتاتی ہے کہ دوسرا ہار راج نے اپنی کسی گرل فرینڈ کودیا ہے لیکن سنجنا کے پاس اس کو کوئی ثبوت نہیں تھا۔ اسی ثبوت کی خاطر مایا کرشن جاسوس (اکشے کمار) کی خدمات حاصل کرتی ہے۔ کرشن اس سے پہلے بھی کئی دل پھینک شوہروں کوصحیح راستے پر لاچکا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ ایک سو تیرہ شادیوں میں سے ایک سو گیارہ شادیاں اس نے ٹوٹنے سے بچائی ہیں۔
کرشن نے جب راج کے علاوہ یوگی اور وکرم کو رنگے ہاتھوں پکڑوانے کی ڈیل کی تو اس کے لئے یہ کیس کچھ زیادہ ہی سخت ثابت ہوا۔ دراصل تینوں دوست اتنے شاطر اور چالاک ہیں کہ کرشن کو ان کے خلاف ثبوت اکھٹا کرنے میں دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔
وکرم، راج اور یوگی کے کرداروں میں عرفان کا اسٹائل نیا اور ناظرین کی کسوٹی پر پورا اتر سکتا ہے۔ سنیل شیٹی اور بابی دیول نے بس گزارے لائق ہی کام کیا ہے۔ اکشے کمار اس سے پہلے کئی فلموں میں ایسے کردارنبھا چکے ہیں۔ ہاں فلم کے کلائمکس میں اکشے متاثر کرتے ہیں۔ ریمی سین کو اب ڈائٹنگ کی سخت ضرورت ہے۔ سیلینا جیٹلی ایسا ہی کردار ’نو اینٹری‘ میں بھی کرچکی ہیں۔ اپنی پچھلی فلموں کی طرح سونم اس فلم میں بھی مرجھائی مرجھائی سی لگی ہیں۔
فنکار: اکشے کمار، عرفان خان، بابی دیول، سنیل شیٹی، سونم کپور، ریمی سین، سیلینا جیٹلی
پروڈیوسر : رانی اسکرووالا، ٹوئنکل کھنہ
ڈائریکٹر: انیس بزمی
گیت: امیتابھ، اشیش پنڈت
موسیقی: پرتیم چکرورتی
بشکریہVOA