A Hungarian artiste accuses the makers of the film of plagiarism over new poster.
بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلمیں کسی نہ کسی وجہ کے باعث تنازعات کا شکار بنتی رہتی ہیں اور اب ان کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ‘ججمینٹل ہے کیا’ کے حوالے سے ایک نیا تنازع سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنگری سے تعلق رکھنے والی ایک آرٹسٹ فلورا بورسی نے کنگنا رناوٹ کی اس فلم کے ایک پوسٹر کو اپنی پینٹنگ کی نقل قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلورا نے الزام عائد کرتے ہوئے لکھا کہ ‘بالکل میرے کام جیسا پوسٹر، اس فلم کے پوسٹر کے لیے میرے کام کی نقل کی گئی، کوئی سمجھائے گا یہ کیا معاملہ ہے؟ یہ ٹھیک نہیں بالکل’۔
انہوں نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں اپنے کام کو فلم کے پوسٹر کے ساتھ جوڑا، جبکہ فلم کی ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ‘مجھ سے اجازت نہیں لی گئی، نہ ہی مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، ایسی بڑی کمپنیوں کو شرم آنی چاہیے کہ وہ ایک فری لانس آرٹسٹ کے کام کو چرا رہے ہیں’۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوٹ کی اس فلم میں راج کمار راؤ نے بھی مرکزی کردار نبھایا تھا۔
اس فلم کی ہدایات پراکاش کویلامودی نے دی، جبکہ پروڈکشن ایکتا کپور کی کمپنی بالاجی فلمز کی جانب سے کی گئی۔
تاہم آرٹسٹ کی جانب سے لگائے الزامات پر اب تک ایکتا کپور، ہدایت کار یا اداکاروں نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کنگنا رناوٹ کا اس فلم کی تشہیر کے دوران ایک صحافی سے بھی جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا تنظیم نے کنگنا رناوٹ اور ان کی فلم ججمینٹل ہے کیا کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔