بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف صرف اپنی جاندار اداکاری اور شاندار فیشن کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ اپنی فٹنس کی وجہ سے بھی کافی مقبول ہیں۔
اداکارہ جب بھی کوئی تصویر یا ویڈیو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرتی ہیں تو پورا سوشل میڈیا صرف ان کی ہی باتیں کرنا شروع کردیتا۔
کئی سال قبل جب کترینہ کیف نے انسٹاگرام اکاؤنٹ بنا کر انسٹا کی دنیا میں قدم رکھا تھا تو ٹوئٹر پر کترینہ ٹاپ ٹرینڈ کا حصہ بن چکی تھیں۔
اور آج اپنی 36ویں سالگرہ کے موقع پر بھی کترینہ کیف نے اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی جس کے بعد ٹوئٹر پر ہیپی برتھ ڈے کترینہ کیف کا ٹرینڈ ٹاپ پر چلا گیا۔
کترینہ اس تصویر میں میکسیکو میں موجود ہیں جبکہ وہ سفید رنگ کے لباس میں پوز کرتی نظر آئیں۔
تاہم سوال یہ اٹھتا ہے کہ جہاں سارے اداکار اپنی سالگرہ کے موقع پر دوستوں کے ساتھ پارٹی کرنے میں مصروف رہتے ہیں وہیں کترینہ کیف اس دن میکسیکو میں کیا کررہی ہیں؟
کترینہ نے اپنی تصویر پر کیف اور میکسیکو کے ایموجی بنا کر مداحوں کو پریشانی میں ڈال دیا، تاہم اداکارہ نے اس کے علاوہ کوئی اور بات شیئر نہیں کی۔
کئی رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف اپنی سالگرہ کے موقع پر میکسیکو میں چھٹیاں منا رہی ہیں تاہم تصویر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ میکسیکو میں کسی میگزین فوٹو شوٹ کے لیے موجود ہیں۔
یہ دلچسپ سوال صرف مداحوں کے ذہن میں ہی نہیں بلکہ کترینہ کے قریبی دوست اداکار ارجن کپور کے ذہن میں بھی آیا جنہوں نے کترینہ کا مذاق اڑاتے ہوئے ان سے سوال کردیا کہ وہ اپنی چھٹیاں منانے کے دوران میکسیکو فوٹو شوٹ کرانے ہی گئی ہیں۔
جبکہ ایک دوسرے کمنٹ میں ارجن نے کترینہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ وہ آج کے دن ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں گے۔
اس تصویر پر کترینہ کے شوبز سے تعلق رکھنے والے اور بھی دوستوں نے سالگرہ کی مبارکباد دی جن میں کرن جوہر، زویا اختر وغیرہ شامل ہیں۔