اداکارہ ماہرہ خان جلد ہی آنے والی ایکشن ڈرامہ فلم ’سپر اسٹار‘ میں پہلی بار قدرے بولڈ کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
ماہرہ خان ان دنوں ’سپر اسٹار‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، ان کی یہ فلم عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
فلم کی تشہیر کے سلسلے میں ’انڈیپینڈنٹ اردو‘ سے بات کرتے ماہرہ خان نے بتایا انہیں ’سپر اسٹار‘ سے قبل اس طرح کا کردار ادا کرنے کا موقع نہیں ملا۔
ماہرہ خان نے آنے والی فلم میں اپنے کردار، اپنے ڈانس اور بولڈ کردار پر بھی کھل کر بات کی اور اعتراف کیا کہ ’سپر اسٹار‘ میں بولڈ ڈانس کرنا فلم میں ان کے کردار کے لیے ضروری تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے ’نوری‘ گانے میں بولڈ ڈانس اس لیے کیا، کیوں کہ یہ فلم میں ان کے کردار کی ضرورت تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ان کا کردار انتہائی بولڈ ہے اور اگر فلم سے ’نوری‘ کا کردار نکال لیا جائے تو فلم میں کچھ نہیں بچتا۔
انہوں نے انکشاف کیاکہ انہوں نے فلم میں گانوں پر ڈانس کے لیے کوئی تربیت نہیں لی اور نہ ہی انہیں ریہرسل کرنے کا زیادہ وقت ملا۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ آنے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں ان کا گانا ’مورے سیاں‘ سلجھا ہوا اور کتھک ڈانس پر بنایا گیا ہے، تاہم ’نوری‘ جیسے بولڈ گانے پر منفرد رقص کرنا ان کے لیے چیلنج تھا اور انہوں نے یہ چیلینج قبول کر دکھایا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’سپر اسٹار‘ کے گانوں سے قبل بھی مختلف فلموں کے گانوں پر کچھ ڈانس کیا ہے، تاہم ان فلموں کے ڈانس اور ’سپر اسٹار‘ کے گانے ’نوری‘ کے بولڈ ڈانس میں بہت زیادہ فرق ہے۔
اداکارہ کے مطابق شروع میں وہ ایسا بولڈ ڈانس کرنے کی پیش کش پر ڈر گئیں تھیں، تاہم پھر انہوں نے یہ کر دکھایا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ خود کو فٹ رکھنے کے لیے نہ تو جم جاتی ہیں اور نہ ہی فٹنیس کے لیے وہ غذائیں کھانے سے پرہیز کرتی ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ صحت بنانے والے کھانے کھاتی ہیں اور انہیں کبھی کبھار لگتا ہے کہ انہیں جم جا جانا چاہیے، تاہم وہ نہیں جاتیں۔
اگرچہ ماہرہ خان بھاری بھر کم نہیں، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں کبھی کبھی محسوس ہوتا ہے کہ ان کا وزن بڑھ گیا ہے، تاہم پھر بھی انہیں اپنی جسامت سے پیار ہے اور وہ اپنی جسمانی ساخت پر خوش ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’سپر اسٹار‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں بولڈ بنانے میں میک اپ آرٹسٹ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر میک اپ نہیں کرتیں اور نہ ہی بولڈ نظر آنا چاہتی ہیں، تاہم ’سپر اسٹار‘ کے کردار کی وجہ سے میک اپ آرٹسٹس نےانہیں بولڈ بھی بنایا اور انہیں سمجھایا کہ ان کا بولڈ نظر آنا کتنا ضروری ہے۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ جو بھی ’سپر اسٹار‘ کو دیکھا گا اسے مزا آئے گا۔
خیال رہے کہ ’سپر اسٹار‘ میں ان کے ساتھ بلال اشرف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کی کہانی ایک عام لڑکی کے سپر اسٹار بن جانے کے گرد گھومتی ہے۔