رواں برس مارچ میں ریلیز کی جانے والی پاکستانی فورس ڈرامہ فلم ’شیر دل‘ کو عیدالاضحیٰ اور یوم آزادی کے موقع پر دوبارہ ریلیز کیا جائے گا۔
میکال ذوالفقار علی اور ارمینہ خان کی فلم کی کہانی پاکستان اور بھارت کی جنگوں اور کشیدگی کے پس منظر پر مبنی ہے۔
فلم کی کہانی نعمان خان نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات اظفر جعری نے دی ہیں۔
شیر دل کو ابتدائی طور پر ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے اچھی کمائی کی تھی۔
اس بار عید الاضحیٰ ایک ایسے موقع پر آ رہی ہے جب کہ عید کے تیسرے دن یوم آزادی منایا جائے گا، اس لیے فلم کی ٹیم نے جذبہ حب الوطنی بیدار کرنے والی فلم کو دوبارہ ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلم کے مرکزی اداکار میکال ذوالفقار نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ ’شیر دل‘ کو عید کے موقع پر ملک کے مخصوص سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا۔
فلم میں میکال ذوالفقار پاک فضائیہ کے پائلٹ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں جو نئے بھرتی ہونے والے پائلٹ سے دیکھتے ہی دیکھتے ہیرو بن جاتے ہیں۔
فلم کی کہانی اگرچہ کسی حقیقی واقعے پر مبنی نہیں، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کو متعدد حقیقی واقعات کو نظر میں رکھ کر بنایا گیا ہے۔
فلم میں نہ صرف پاک فضائیہ کی جدوجہد دکھائی گئی ہے، بلکہ فلم کو دیکھ کر جذبہ حب الوطنی بھی پیدار ہوتا ہے۔
فلم میں پاکستان اور بھارتی فضائیہ کے درمیان کشیدگیوں کو بھی دکھایا گیا ہے، فلم میں حسن نیازی بھارتی پائلٹ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں رومانس کا تڑکا بھی دیا گیا ہے اور بھارتی دشمنوں کو مزا چکھانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ میکال ذوالفقار کو محبت میں کئی مسائل سے دوچار بھی دکھایا گیا ہے۔
میکال ذوالفقار کی محبوبہ کا کردار ارمینہ خان نے ادا کیا ہے۔