خود پر گھریلو تشدد کیے جانے کا انکشاف
حمیمہ ملک نے اپنی بہن دعا ملک کے ساتھ فاطمہ سہیل کی حالت کا عینی شاہد ہونے کا دعویٰ تھا او راب انسٹاگرام پر انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ خود گھریلو تشدد کی شکار رہی ہیں۔
گزشتہ دنوں اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ نے ان پر تشدد کا الزام عائد کیا تھا اور اب اداکارہ حمیمہ ملک سوشل میڈیا پر سابق شوہر کی جانب سے کیے جانے والے تشدد کا ذکر کیا ہے۔
انسٹاگرام اسٹوریز میں انہوں نے لکھا ‘اگرچہ اس کو کئی سال گزر گئے، مگر وہ وقت اور درد بھرے دن رات اب بھی مجھے ڈراتے ہیں، میں اس وقت 19، 20 سال کی لڑکی تھی، جو اپنے خاندان کو بھی اپنے چیختے زخم نہیں دکھاسکی’۔
حمیمہ ملک نے لکھا ‘میں آج اپنی ذات پر شرمندہ ہوں، میں نے 3 سالہ پرتشدد شادی اور 7 سال کے ایک اور پرتشدد تعلق کے دوران اپنے لیے کچھ نہیں کیا، اور ایسا میرے ساتھ بار بار ہوتا رہا۔ اگرچہ اس دوران میں اپنے اور پورے خاندان کی اچھی زندگی کے لیے کام کرتی رہی، مگر مجھے دھمکیاں دی گئیں، بدزبانی اور موت کے منہ تک پہنچادینے والے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ایسا ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار ہوا، مگر اب میں خوفزدہ نہیں، اب میں اپنی خاموشی پر شرمندہ ہوں’۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری کا اختتام ہیش ٹیگ نو مور سائیلنس پر کیا، تاہم انہوں نے کسی کا نام درج نہیں کیا۔
واضح رہے کہ حمیمہ ملک نے 2010 میں اداکار شمعون عباسی سے شادی کی تھی، تاہم یہ شادی صرف 2 سال ہی چل سکی اور اس جوڑے نے 2012 میں اپنے راستے الگ کرلیے۔
دوسری جانب فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے حمیمہ ملک کی انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے رئیپلائی میں لکھا کہ اداکارہ ایک بہادر خاتون ہیں ‘میں نے خود ان چیزوں کو دیکھا اور مجھے خوشی ہے کہ تم خود کو اس صورتحال سے نکالنے میں کامیاب ہوگئی ہو’۔
خیال رہے کہ ہفتے کی شب محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اداکار پر بے وفائی اور تشدد کا الزام عائد کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ 3 ماہ کی حاملہ تھیں تو محسن عباس حیدر نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ان کے 50 لاکھ روپے واپس کرنے سے انکار کیا۔
اداکار کے خلاف دفعہ 406 اور دفعہ 506 کے تحت ایف آئی آر بھی درج ہوچکی ہے جبکہ دنیا ٹی وی نے محسن عباس حیدر کو ٹاک شو مذاق رات سے بھی نکال دیا۔