مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے پر بھارت پر ہونے والی عالمی تنقید کو چھپانے کے لیے بھارتی میڈیا جہاں اپنی حکومت کی تعریف کرنے میں مصروف ہے، وہیں وہ پاکستانی حکومت اور شخصیات کے خلاف بھی مہم شروع کیے ہوئے ہے۔
پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر بھارتی ٹی وی چینل ’ریپبلک‘ کی جانب سے ایک پروگرام میں پاکستانی حکومت، وزیروں، سیاستدانوں اور شوبز شخصیات کے حوالے سے من گھڑت دعوے کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی حمایت کرنے والوں کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ قرار دیا گیا۔
بھارتی ٹی وی نے جن پاکستانی شخصیات کو خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ قرار دیا، ان میں اداکار حمزہ علی عباسی بھی شامل تھے، جنہوں نے ’ریپبلک‘ ٹی وی کے پروگرام کے اسکرین شاٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے۔
حمزہ علی عباسی نے پروگرام کے میزبان کو جھوٹ پھیلانے والا شخص قرار دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بھی غلط افواہیں پھیلانے کا ٹھیکیدار قرار دیا۔
حمزہ علی عباسی نے پروگرام میں کیے گئے دعووں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروس انٹیلی جنس‘ (آئی ایس آئی) کے خفیہ ایجنٹ نہیں بلکہ واضح طور پر ایجنٹ ہیں‘۔
حمزہ علی عباسی نے واضح کیا کہ ’انہیں فخر ہے کہ وہ ملک کے خفیہ ادارے کے ایجنٹ ہیں‘
پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ جس طرح 20 کروڑ پاکستانی آئی ایس آئی کے ایجنٹ ہیں، وہ بھی اسی طرح اپنے ملک کے محافظ ادارے کے ایجنٹ ہیں۔