دنیا بھر میں بہت سے فلمی ستارے باقاعدگی سے بلاگز لکھتے ہیں۔ ان میں بالی وڈ فلم اسٹار امیتابھ بچن بھی شامل ہیں، جن کا ’The Big B‘ نامی بلاگ سب سے کامیاب جا رہا ہے۔
امیتابھ بچن نے 2008ء میں بلاگز لکھنا شروع کیے تھے۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے انٹرنیٹ پر اپنی تحریروں کی تیسری سالگرہ منائی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق بچن روزانہ تقریباً ایک ہزار الفاظ تحریرکرتے ہیں۔ وہ بلاگز میں اپنی فیملی نیوز، اپنے روحانی اور فلسفیانہ خیالات، اپنی صحت اور اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مطّلع کرتے ہیں۔ بچن کے بلاگز پڑھنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ان میں ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔ گزشتہ برس فینز اس وقت بہت فکر مند ہو گئے تھے، جب بچن اپنی بیماری کی وجہ سے باقاعدگی سے بلاگز نہیں لکھ پا رہے تھے۔
بچن بالی وڈ کی ایک کامیاب ترین فیملی ہے، اسی وجہ سے لوگ ان کے معاملات زندگی، رہن سہن اور خیالات جاننے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔ اپنے خاندان کے علاوہ امیتابھ بچن کرکٹ اور دنیا بھر میں فلموں کی شوٹنگ کے علاوہ بھارتی سیاست اور حالات حاضرہ کو بھی اپنے بلاگز کا موضوع بناتے ہیں۔ 68 سالہ امیتابھ اپنے بلاگز خود ہی ٹائپ کرتے ہیں۔ اس موقع پران کی سیکرٹری بھی ان کی تحریر کو انٹرنیٹ پر شائع ہونے سے قبل ایک مرتبہ پڑھتی ہے۔
DWD