عالیہ اور پریانکا کی وجہ سے نام بدلنا پڑا.
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کبیر سنگھ‘ میں شاہد کپور کی ہیروئن بننے والی کیارا اڈوانی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ عالیہ بھٹ اور پریانکا چوپڑا کی وجہ سے نام بدلنے پر مجبور ہوئیں۔
خیال رہے کہ کیارا اڈوانی کا اصل نام کچھ اور ہے، تاہم انہوں نے 2014 میں فلمی کیریئر شروع کرتے وقت اپنا نام بدلا۔
سندھی نژاد پورچوگیزی نسل ہندو گھرانے میں پیدا ہونے والی 26 سالہ کیارا اڈوانی کا اصل نام عالیہ تھا، تاہم انہوں نے اپنا نام تبدیل کیا۔
فلم فیئر کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیارا اڈوانی نے بتایا کہ جس وقت انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اس وقت تک عالیہ بھٹ بولی وڈ کی مشہور اداکارہ بن چکی تھیں اور وہ نہیں چاہتی تھیں کہ لوگ یہ سمجھیں کہ انہوں نے عالیہ سے متاثر ہو کر اپنا نام رکھا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب کوئی شخصیت مشہور بن جاتی ہیں اور ان کے نام جیسا ہی کوئی دوسرا شخص سامنے آتا ہے تو لوگ سمجھتےہیں کہ انہوں نے مشہور شخص سے متاثر ہوکر نام رکھا ہے۔
اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جہاں وہ عالیہ بھٹ کی وجہ سے اپنا نام بدلنے پر مجبور ہوئیں، وہیں پریانکا چوپڑا بھی ان کے نئے نام کا سبب تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پریانکا چوپڑا کی فلم ’انجانا انجانی‘ دیکھنے کے بعد ہی اپنا نام کیارا رکھا۔
ان کے مطابق ’انجانا انجانی‘ میں انہیں پریانکا چوپڑا کی اداکاری بہت اچھی لگی، جس وجہ سے ہی انہوں نے اپنا نام پریانکا کے فلمی نام کیارا سے متاثر ہوکر رکھا۔
کیارا اڈوانی نے گزشتہ ماہ جون میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’کبیر سنگھ‘ کی شاندار کامیابی پر اطمینان اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقینا انہیں فلم کے 200 کروڑ کلب میں شامل ہونے پر خوشی ہوئی ہے اور ان کا کیریئر بدل گیا۔
اداکارہ نے موجودہ وقت کو اپنے کیریئر کا بہترین دور قرار دیا اور کہا کہ شکر ہے کہ انہیں مختصر عرصے میں مختلف کردار ادا کرنے کو ملے، جس وجہ سے انہیں جلد شہرت ملی۔
کیارا اڈوانی نے کرن جوہر کی ویب سیریز ’لسٹ اسٹوریز‘ کو اپنے کیریئر کا سب سے اچھا موقع قرار دیا اور کہا کہ بولڈ سیریز میں منفرد کردار ادا کرنے سے انہیں شہرت ملی۔
کیارا اڈوانی کا کہنا تھا کہ اب تک وہ ’بھارت‘ اور ’کبیر سنگھ‘ جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں اور آئندہ بھی وہ تامل زبان کی ہندی ورژن کی ایسی ہی فلموں میں کام کرتی رہیں گی۔
خیال رہے کہ کیارا اڈوانی نے 2014 کی فلم ’فوگلی‘ سے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم انہیں 2016 میں ریلیز ہونے والی اسپورٹس ڈرامہ فلم ’ایم ایس دھونی: دی یونائٹڈ اسٹوری‘ سے شہرت ملی۔
کیارا اڈوانی کو سب سے زیادہ شہرت 2017 کی فلم ’مشین‘ کے گانے ’تو چیز بڑی ہے مست‘ سے ملی، لیکن 2018 کی ویب سیریز ’لسٹ اسٹوریز‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
اس وقت تک کیارا اڈوانی نے ایک درجن سے کم فلموں میں کام کیا ہے اور جلد ہی وہ اکشے کمار اور کرینہ کپور کے ساتھ ‘گڈ نیوز‘ سمیت ’شیر شاہ‘ اور ’اندو کی جوانی‘ میں جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔