ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی نئی ایکشن فلم ‘‘فاسٹ فائیو’’ کو رواں سال کی ایک بڑے بجٹ کی فلم قرار دیا گیا ہے۔ اپنے پہلے ویک اینڈ پر اس فلم کو شائقین کی جانب سے خاصا پسند کیا گیا ہے۔
نئی ریلیز ہونے والی بڑے بجٹ کی فلم ‘‘فاسٹ فائیو’’ نے ریلز کے بعد سینما گھروں پر اپنے پہلے ویک اینڈ پر تقریباً 84 ملین ڈالر کی کمائی کی ہے۔ کار چیز یا شہر کی گلیوں میں تیز رفتر کاروں پر تعاقب کے موضوع پر بننے والی یہ فلم سنسنی خیزی سے عبارت ہے۔ اس فلم کو جس انداز میں شائقین نے پسند کیا ہے وہ بہت حوصلہ افزاء قرار دیا گیا ہے۔ ایسی ایک دو سابقہ فلمیں اتنی پسندیدگی سمیٹ نہیں سکی تھیں۔ فلم کا موضوع فارمولا ون گراں پری ریس سے وابستہ قطعاً نہیں ہے بلکہ یہ پولیس اور مجرموں کے درمیان برق رفتار آنکھ مچولی کی فلم ہے۔
شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر تیز رفتار کار دوڑانے کی اس سیریز میں پہلے چار فلمیں ریلییز ہو چکی ہیں۔ یہ اسی سلسلے کی پانچویں فلم ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار جسٹن لِن ہیں۔ کار چیز سیریز کی ان فلموں کا اصل نام ‘‘فاسٹ اینڈ فیوریئس’’ ہے۔ موجودہ فلم کو برازیل کے شہر ریو ڈی جنیریو میں فلمایا گیا ہے۔ اس باعث اس فام کا نام بھی ‘‘فاسٹ فائیو۔ ریو ہائسٹ’’ ہے۔
اس فلم کے مرکزی کردار پال واکر، وِن ڈیزل، جورڈانا بروئسٹر نے ادا کیے ہیں۔ اس فلم میں جرائم پیش افراد کا ایک گروہ پولیس اسٹیشن پر واردات کرتا ہے اور اس کے بعد شہر کی سڑکوں پر مجرموں کے تعاقب میں پولیس نکلتی ہے اور کاروں پرمقابلہ شروع ہوجاتا ہے۔ فلم ناقدین کے مطابق اس فلم پیش کیا گیا ایکشن یقینی طور پر شائقین کو پسند آئے گا اور اسے مدتوں یاد رکھیں گے۔ ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مبصرین کے مطابق نئی ‘‘فاسٹ فائیو’’ فلم نے اب تک بننے والی بقیہ چار فلموں کو بھی مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس فلم کے حوالے سے یہ بھی اہم ہے کہ اس نے رواں سال کے دوران ریلیز ہونے والی نئی فلموں کو بھی پسندیدگی کے گراف پرمات دے دی ہے۔
ہدایتکار جسٹن لِن نے اس فلم کی پکچرائزیشن میں اپنے تجربے کو شاندار انداز میں شامل کیا ہے۔ چینی نژاد لِن ایکشن فلمیں بنانے میں شہرت رکھتے ہیں۔ اگلے مہینوں کے دوران انہیں یونیورسل اسٹوڈیو کی ٹرمینیٹر سیریز کی پانچویں فلم کی ہدایتکاری کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ اس نئی فلم میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر اور ٹرمینیٹر سیریز میں شہرت حاصل کرنے والے اداکار آرنلڈ شواٹزینیگر (Arnold Schwarzenegger) کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
پہلی عالمی جنگ کے بعد مالی کساد بازاری کے دور میں ابھرنے والے ایک رومان پر مبنی فلم ‘‘واٹر فار ایلیفنٹ’’ کو بھی عوام میں مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔
DWD