عیدالاضحٰی کے موقع پر ملک بھر کے تمام سینماؤں میں اداکارہ حریم فاروق، مایا علی اور ماہرہ خان کی فلمیں ریلیز کردی گئی۔
اگرچہ عید قرباں کے موقع پر پاکستان کے مخصوص سینماؤں میں رانگ نمبر ٹو، چھلاوا اور شیر دل جیسی پرانی فلموں کو بھی دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے، تاہم اصل مقابلہ حریم فاروق اور علی رحمٰن خان کی فلم ’ہیر مان جا‘ مایا علی اور شہریار منور کی فلم ’پرے ہٹ لو‘، ماہرہ خان اور بلال اشرف کی فلم ’سپر اسٹار‘ کے درمیان ہے۔
اگرچہ ان تینوں فلموں کی کہانی اور کاسٹ مختلف ہے، تاہم تینوں فلمیں رومانٹک، کامیڈی اور مصالحہ فلمیں ہیں۔
’پرے ہٹ لو‘ میں ’سپر اسٹار‘ ماہرہ خان سمیت فواد خان اور دیگر بڑے اداکاروں کو مختصر کردار میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
جب کہ ’سپر اسٹار‘ میں میگا اسٹار ندیم سمیت کئی اداکاروں کو ایکشن میں دیکھا جا سکے گا۔
’ہیر مان جا‘ میں بھی ’سپر اسٹار‘ اور ‘پرے ہٹ لو‘ کی طرح شائقین کو رومانس، کامیڈی اور مصالحہ دیکھنے کو ملے گا۔
اگرچہ تینوں فلموں کی کہانی محض خواتین کی کہانی نہیں، تاہم پھر بھی پہلی بار ان تینوں فلموں میں خواتین کے کرداروں کو مضبوط دکھایا گیا ہے۔
شوبز انڈسٹری کے گرد گھومتی فلم ’سپر اسٹار‘ میں مرد اداکار سے زیادہ خاتون اداکارہ کے کردار کو مضبوط بنایا گیا ہے اور اس فلم میں پہلی بار ماہرہ خان انتہائی بولڈ کردار میں دکھائی دیں گی۔
ماہرہ خان جہاں ’سپر اسٹار‘ میں بولڈ کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، وہیں وہ اسی فلم سمیت ’پرے ہٹ لو‘ میں بھی خاص گانے پر پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔
’سپر اسٹار‘ کی طرح ’پرے ہٹ لو‘ اور ’ہیر مان جا‘ کو بھی شائقین کی پسند کو نظر میں رکھتے ہوئے ڈانس اور مصالحے سے بھرپور بنایا گیا ہے۔
تینوں فلموں کو عید الاضحیٰ کے پہلے دن سے ملک بھر میں ریلیز کیا گیا جب کہ تینوں فلموں کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، مشرق وسطیٰ، یورپ و امریکی ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا ہے۔
جہاں شائقین کو عید کے موقع پر یہ تینوں فلمیں دیکھنے کو ملیں گی، وہیں شائقین رواں برس ریلیز ہونے والی فلموں ’رانگ نمبر ٹو، شیر دل اور باجی‘ سمیت ’کاف کنگنا‘ کو بھی مخصوص سینماؤں میں دیکھ سکیں گے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ حریم فاروق کی ’ہیر مان جا‘ مایا علی کی ’پرے ہٹ‘ اور ماہرہ خان کی ’سپر اسٹار‘ میں سے کون سی فلم باکس آفس پر ریکارڈ بناتی ہے۔