اداکارہ و ماڈل ارمینہ خان نے گزشتہ برس جولائی میں اچانک منگنی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
ارمینہ خان نے اپنی منگنی کا اعلان سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا تھا اور انہوں نے ابتدائی طور پر اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔
بعد ازاں اداکارہ نے ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے منگیتر فیصل خان کے حوالے سے مداحوں کو بتایا تھا کہ کس طرح ان دونوں کے درمیان محبت پروان چڑھی۔
ارمینہ خان نے بتایا تھا کہ وہ اور فیصل خان دونوں ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے ہیں اور دونوں کے درمیان انتہائی خوشگوار اور اچھے تعلقات ہیں۔
منگنی کے بعد ارمینہ خان نے متعدد مواقع پر منگیتر کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیں اور اپنی محبت کا اظہار کیا۔
تاہم اب اداکارہ نے سوشل میڈیا پر شادی کے جوڑے کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے شادی کے معاملے پر بات کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
ارمینہ خان نے انسٹاگرام پر عروسی جوڑے کی طرح کے ایک سفید لباس میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے پوچھا کہ وہ ’اندازہ لگائیں کہ کس کی شادی ہونے جا رہی ہے‘۔
ارمینہ خان نے جوڑے سے متعلق وضاحت کی کہ انہوں نے یہ جوڑا شادی کے لیے ملبوسات تیار کرنے والے ایک کلب سے حاصل کیا ہے اور یہ یقینا ان کا عروس جوڑا نہیں۔
اداکارہ نے مداحوں کو مزید تجسس میں رکھتے ہوئے لکھا کہ انہیں یہ لباس پہن کر بہت خوشی ہو رہی ہے اور وہ اسی طرز کے دوسرے لباس بھی آزمائیں گی۔
ارمینہ خان نے عروسی جوڑے کی ڈیزائن کے سفید لباس کو اپنے خوابوں کا لباس بھی قرار دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ارمینہ خان نے پوسٹ میں منگیتر فیصل خان کو مینشن کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ نے منگیتر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی جانب سے اداکارہ کا ذکر کیے جانے پر انہیں اچھا محسوس ہوتا ہے۔
اگرچہ ارمینہ خان نے اپنی پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ وہ شادی کرنے جا رہی ہیں یا ان کی کسی دوست کی شادی ہے، تاہم ان کی پوسٹ کے بعد مداحوں کا خیال ہے کہ اداکارہ خود شادی کرنے جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ ارمینہ خان جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی، تاہم اس حوالے سے اداکارہ نے کوئی وضاحت نہیں کی۔