بیجنگ…صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت امریکا سول نیوکلیئر ڈیل کی مخالفت نہیں کی تھی اور پاکستان دوسروں سے بھی ایسے ہی ردعمل کی توقع رکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اور سیاسی بحران پر قابو پالیا جائے گا۔ صدر آصف زرداری نے چین کے ایک ٹی وی چینل اور اخبار کو انٹرویوکے دوران بھارت اور امریکا سے اپنے گہرے روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی تعلق کی وجہ سے پاکستان نے بھارت امریکا سول نیوکلیئر ڈیل کی مخالفت نہیں کی تھی اور پاکستان دوسروں سے بھی ایسے ہی ردعمل کی توقع رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس نے پوری دنیا کو یرغمال بنا رکھا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے دنیا کے ساتھ تعاون کیا جارہا ہے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔ ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات التوا کا شکار ہوئے مگر اب بحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں، تاہم پاکستان ممبئی حملوں کے ملزمان کو بھارت کے حوالے نہیں کرے گا کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان تحویل مجرمین کا معاہدہ نہیں مگر ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو کئی مرتبہ پٹری سے اتارا گیا جس کے باعث ملک میں جمہوری نظام مستحکم نہیں ہوا تاہم موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی اور سیاسی بحران پر قابو پالیا جائے گا۔
بشکریہ جنگ
Hi, this is a comment.
To delete a comment, just log in and view the post's comments. There you will have the option to edit or delete them.