فرانس کی عدالت نے مزدور کو پٹوانے اور اپنے پاﺅں چومنے پر مجبور کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کی بہن شہزادی حصہ بنت سلمان کو 10 ماہ قید کی معطل سزا سنا دی ہے ۔عدالت نے باڈی گارڈ رانی سعیدی کو 8 ماہ قید کی معطل سزا اور 5 ہزار یورو جرمانہ عائد کیا ہے۔ رانی سعیدی نے عدالت میں کارروائی کا سامنا کیا تاہم اسے قید نہیں کیا جائے گا کیوں کہ معطل سزا کی حیثیت علامتی ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہزادی حصہ بنت سلمان پر یہ مقدمہ رواں برس جولائی سے چل رہا تھا جبکہ یہ واقعہ 2016 میں پیش آیا۔سعودی شاہ سلمان کی بیٹی اور محمد بن سلمان کی بہن پر یہ الزام تھا کہ انہوں نے اپنے باڈی گارڈ رانی سعیدی کو پلمبر اشرف عید کو پیٹنے کے احکامات دیے۔ شہزادی حصہ پر ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا، 10 ماہ قید کی معطل سزا کے ساتھ ان پر 11 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔45 سالہ شہزادی ٹرائل کے دوران کبھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں اور انہیں کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ 2016 میں اس وقت پیش آیا جب شہزادی حصہ سیر و تفریح کیلئے پیرس میں ارب پتی شخصیات کے پسندیدہ مقام فوش ایوینیو پر واقع لگڑری اپارٹمنٹ میں موجود تھیں۔اس اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل پر اشرف عید نامی پلمبر کام کررہا تھا، اچانک اسے پانچویں منزل پر واش بیسن ٹھیک کرنے کیلئے بلایا گیا۔اشرف نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ جب وہ بیسن ٹھیک کرنے پہنچا تو اس نے واش روم کی کچھ تصاویر لیں جوکہ اس کے کام کا حصہ تھا تاہم شہزادی نے اسے تصویریں لیتے ہوئے دیکھ لیا اور طیش میں آگئیں۔اشرف نے مزید بتایا کہ شہزادی نے اپنے باڈی گارڈ کو بلایا جس نے اس پر تشدد کیا۔
پلمبر کا دعویٰ ہے کہ اسے کئی گھنٹوں تک یرغمال بناکر رکھا گیا اور اس دوران اس کا فون بھی توڑ دیا گیا جبکہ ایک موقع پر شہزادی نے باڈی گارڈ سے کہا کہ اس کے سر پر بندوق تانو اور دو آپشنز دو، یا تو وہ میرے پاو¿ں چومے یا پھر مزید مار کھانے کیلئے تیار رہے۔اشرف نے دعویٰ کیا کہ شہزادی اپنے باڈی گارڈ سے کہہ رہی تھیں کہ ‘جان سے مادو اس کتے کو، اسے زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں’۔