2017 کی ہارر فلم اٹ کے سیکوئل کا فائنل ٹریلر جاری کردیا گیا ہے اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس بار یہ خوفناک جوکر کتنی دہشت پھیلانے والا ہے۔
اس فلم کے پہلے ٹریلر میں کچھ زیادہ نہیں دکھایا گیا تھا مگر اس ٹریلر میں کہانی کا کسی حد تک اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
پہلی فلم کی کہانی ایک چھوٹے قصبے کے گرد گھومتی ہے جہاں سات بچے جنھیں لوزر کلب کے نام سے جانا جاتا ہے، کو زندگی کے مسائل، بدزبانیوں اور ایک عفریت کا سامنا ہوتا ہے جو کہ ایک جوکر کا روپ اختیار کرکے انہیں دہشت زدہ کرتا ہے۔
جس کو وہ شکست دے دیتے ہیں مگر اب 27 سال بعد وہ اس قصبے میں واپس لوٹتے ہیں تو یہ جوکر ایک بار پھر ان کا خیرمقدم کرتا ہے۔
خوفناک جوکر پینی وائز کے مرکزی کردار پر مبنی اس فلم میں یہ کردار بل سکارسگرڈ ادا کررہے ہیں جبکہ جیسیکا چیسٹن، جیمز کیکاوے، جے ریان، بل ہارڈر، عیسیٰ مصطفیٰ، جیمز رینسن اور اینڈی بین لوزر کلب کے بچوں کے بالغ روپ میں نظر آئیں گے۔
اس نئی فلم میں ہارر فلموں کی تاریخ کا سب سے خونی سین بھی شامل کیا جارہا ہے اور اداکارہ جیسیکا چیسٹن گزشتہ روز سان ڈیاگو کامک کون میں اس بارے میں بتایا ‘جب ڈائریکٹر نے پہلی بار اس سین کے بارے میں بات کی تو میں نے سوچا کہ یہ بہت زبردست ہے اور میں پرجوش ہوگئی’۔
انہوں نے مزید کہا ‘مگر پھر ڈائریکٹر نے کہا کہ خون تمہارے کندھوں تک آجائے گا تو میں سن کر شاک رہ گئی’۔
واضح رہے کہ معروف مصنف اسٹیفن کنگ کے ناول ‘اٹ’ کو 1990 میں بھی فلمایا جاچکا ہے اور 2017 میں اس کا ریمیک بنایا گیا تھا جبکہ اب اس ریمیک کا سیکوئل تیار ہورہا ہے جبکہ ڈائریکٹر نے جوکر کے کردار کا پریکوئیل بنانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
اٹ چیپٹر 2 رواں سال 6 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔