امریکی ریاست کیلی فورنیا میں خشک میوہ جات کی پیداوار اور بین الاقوامی تجارت سے وابستہ تاجروں نے ایشائی ممالک میں اپنی اشیاء کے فروغ کے لیے نامور فلمی ستاروں کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
امریکی زرعی اجناس کی برآمد نے گزشتہ سال 116 بلین ڈالر کا ریکارڈ کاروبار کیا۔ امریکی تاجر چین اور بھارت کو اپنے خشک میووں کے لیے ابھرتی ہوئی منڈیوں کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ امریکہ سے سالانہ 17 ارب ڈالر کی زرعی اجناس درآمد کرنے کے بعد چین امریکی خشک میووں کے بڑے خریدار کے طور پر سامنے آیا ہے۔ چین سے قبل یہ اعزاز کینیڈا کو حاصل تھا۔
کیلی فورنیا میں خشک میوہ جات کی تجارت کرنے والوں کی تنظیم کیلی فورنیا المُنڈ بورڈ نے اس سلسلے میں بھارتی فلمی سٹار کرشمہ کپور اور چینی اداکارہ گاؤ یوان کا سہارا لیا ہے۔
یہ دو بڑے نام اپنے اپنے ممالک میں کیلی فورنیا کے میوہ جات کے سفیر ہیں جبکہ ان کے علاوہ قدرے کم مشہور اداراکار بھی مختلف نوعیت کے اشتہاری پروگراموں میں اس امریکی ریاست کے پستے اور بادام کی تعریفیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
چینی اداکارہ گاؤ یوان ایک دستاویزی فلم اور سلسلہ وار ٹیلی وژن پروگرام میں چین سے کیلی فورنیا کے سفر کا احوال بیان کریں گی۔ اس میں وہ وہاں خشک میوہ جات کی پیداوار اور پیکنگ کے مرحلوں کے مناظر بھی چینی عوام کے دکھائیں گی۔ اس دستاویزی فلم کے دوران انہیں بادام کے باغات میں چہل قدمی کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔
اس کے علاہ چین میں مختلف نوعیت کے چھوٹے کاغذی اشتہاروں اور سڑک کے کنارے نصب بِل بورڈز پر بھی وہ عوام کو کیلی فورنیا کے اخروٹ، پستہ اور بادام کھانے کے لیے راغب کرتی نظر آرہی ہیں۔
دوسری طرف بھارت میں کرشمہ کپور یہی ذمہ داری سرانجام دے رہی ہیں۔ وہ بھارتی ٹیلی وژن چینلز پر نشر کیے جانے والئے اشتہارات میں شہریوں کو یہ یقین دلاتی نظر آرہی ہیں کہ کیلی فورنیا کے خشک میوہ جات صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
کیلی فورنیا المُنڈ بورڈ میں بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے ماہر بیکی سیرینو کے بقول وہ اپنا کاروبار پھیلاتے وقت منڈی کے ثقافتی پہلوں کو بھی مدنظر رکھتے ہیں۔ ان کے بقول چین اور بھارت میں خشک میووں سے جڑی قدیم ثقافتی اور طبی روایتیں موجود ہیں۔