انٹرنیٹ اداروں کو پاکستان میں دفاتر کھولنے کا پابند کیا جائے
چین،ہندوستان اور دیگر ممالک کی طرح ان اداروں کو ملکی قوانین کا پابند بنانے کے لیئے ان کوپاکستان میں اپنے دفاتر کھولنے کا پابند کیا جائے
کراچی…سندھ ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ پر مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو پاکستان میں دفاتر کھولنے کا پابند کروانے کے لیے دائر آئینی درخواست پر وفاق اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔درخواست گزار شعاع النبی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یاہو،ایم ایس این،گوگل اور دیگر ادارے مختلف طریقوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے میں مصروف ہیں۔ کبھی خاکوں اور کبھی مضمون نویسی کے مقابلوں کے ذریعے ناموس رسالتﷺ پر حملہ کیا جاتا ہے اورہماری حکومت ان اداروں کے خلاف کچھ نہیں کر پاتی۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ دنیا ایک عالمی گاؤں میں تبدیل ہو رہی ہے ایسے میں ملکی قوانین کا مؤثر نفاذ صورت حال کو ابتری سے بچا سکتا ہے۔ درخواست گزار نے تجویز پیش کی ہے کہ چین،ہندوستان اور دیگر ممالک کی طرح ان اداروں کو ملکی قوانین کا پابند بنانے کے لیئے ان کوپاکستان میں اپنے دفاتر کھولنے کا پابند کیا جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت، وزارت اطلاعات و نشریات اور پی ٹی اے کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیئے آیندہ سماعت تک نوٹس جاری کردیے ہیں۔
بشکریہ جنگ