کمپیوٹر کمپنی ایپل نے آئی پیڈ ٹیبلیٹ کمپیوٹر کا دوسرا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔ اس کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی مشین تیز تر پروسیسر، مزید بہتر گرافکس اور دو طرفہ کیمرے کی اضافی خوبیوں کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔
ایپل کا کہنا ہے کہ اس کا نیا آئی پیڈ پہلے کے مقابلے میں پتلا، ہلکا اور تیز تر ہے۔ امریکہ میں اس کی فروخت گیارہ مارچ سے شروع ہو رہی ہے جبکہ دیگر پچیس ممالک کی مارکیٹوں میں یہ ٹیبلیٹ کمپیوٹر پچیس مارچ سے دستیاب ہو گا۔ امریکہ میں اس کی قیمت پرانے آئی پیڈ کے برابر ہی رکھی گئی ہے، یعنی 499 ڈالر سے 826 ڈالر تک، جبکہ دیگر ممالک میں بھی پرانی قیمتیں برقرار رکھنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
نئے آئی پیڈ کے لیے متعدد نئی ایپلی کیشنز بھی متعارف کرائی گئی ہیں جن میں ویڈیو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر، آئی مووی اور موسیقی کا پروگرام گیراج بینڈ بھی شامل ہے۔
اپیل آئی پیڈ ٹو کے اجراء کے لیے سان فرانسسکو میں بدھ کو ایک تقریب منعقد کی گئی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیو جابز طبی وجوہات کی بنا پر چھٹی پر ہونے کے باوجود میزبانی کے لیے وہاں پہنچے۔ خیال یہی ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ناساز طبیعت کے باعث وہ تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔
اس موقع پر اسٹیو جابز نے کہا، ’ہم اس ٹیبلیٹ کمپیوٹر کی تیاری کے لیے کافی عرصے سے کام کر رہے تھے اور میں یہ موقع کھونا نہیں چاہتا تھا۔‘
ایپل ٹیبلیٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں سب سے آگے ہیں تاہم اب اسے ایچ پی اور سام سنگ جیسی کمپنیوں کی جانب سے مقابلے کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ ریسرچ کمپنی اسٹریٹیجک اینالیٹکس کے مطابق گزشتہ برس ستمبر تک فروخت ہونے والے ٹیبلیٹ کمپیوٹرز میں پچانوے فیصد اپیل کے آئی پیڈ ہی تھے لیکن گزشتہ برس کے آخر تک یہ شرح پچہتر فیصد ہو گئی تھی۔
اپیل کے آئی پیڈ کی فروخت میں کمی کی وجہ مارکیٹ میں نئے ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کا منظر عام پر آنا تھا۔
ایپل نےگزشتہ برس آئی پیڈ کے بعد اس کی خصوصیات پر مبنی نوٹ بُک کمپیوٹر ’میک بُک ایئر‘ کا نیا ورژن بھی متعارف کرایا تھا۔
بشکریہ ڈی ڈبلیوڈی