"India didn’t consult or inform the US” over move to revoke occupied Kashmir’s status.
امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے فیصلے سے قبل امریکہ کو آگاہ کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی امریکہ کی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے امریکہ کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، بھارت نے اس حوالے سے امریکہ سے کوئی مشاورت نہیں کی، امریکہ سے رابطے کی خبریں درست نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک بھارتی نیوز ویب سائٹ ’ دی پرنٹ‘ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حوالے سے امریکہ کو رواں سال فروری میں اور یکم اگست کو آگاہ کردیا تھا۔ فروری میں اجیت دوول نے امریکی ہم منصب جان بولٹن کو اپنے منصوبے سے آگاہ کیا تھا لیکن پلوامہ حملے کی وجہ سے بھارت نے منصوبے میں تاخیر کردی۔ یکم اگست کو بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کو مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اعتماد میں لیا تھا۔
ایلس ویلز نے بھارت کی سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال پر اظہار افسوس بھی کیا اور کہا کہ انہوں نے بھارت امریکہ تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا۔