آکسفورڈ ڈکشنری کا مستقبل خطرے میں

انگریزی زبان کی مشہور زمانہ ڈکشنری جسے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس شائع کرتا رہا ہے آئندہ شاید صرف آن لائن ہی دستیاب ہوا کرے گی۔

انگریزی زبان کی مشہور زمانہ ڈکشنری جسے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس شائع کرتا رہا ہے آئندہ شاید صرف آن لائن ہی دستیاب ہوا کرے گی۔
آکسفورڈ پریس کے چیف ایگزیکٹو نائجل پورٹوڈ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ آکسفورڈ ڈکشنری کی روائتی کتابی شکل کی بجائے اس کےالیکٹرونک نسخے کی طلب میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سنڈے ٹائمز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ پرنٹ ڈکشنری کی مارکیٹ میں سالانہ دس فی صد کمی آ رہی ہے۔
نائجل پورٹوڈ نے کہا کہ ان کی آن لائن ڈکشنری کوہر ماہ تقریباً 20لاکھ صارفین استعمال کرتے ہیں ۔ آکسفورڈ ڈکشنری کا پہلا آن لائن ایڈیشن سن 2000میں شائع کیا گیا تھا۔
آکسفورڈ ڈکشنری سن 1884میں پہلی مرتبہ شائع کی گئی تھی ۔ اسے انگریزی زبان کی مستند ڈکشنری مانا جاتا ہے۔سن 1928میں یہ ڈکشنری تکمیل کو پہنچی ۔بیس جلدوں پر مشتعل اس کا دوسرا ایڈیشن سن 1989میں شائع کیا گیا تھا اور نائجل کے مطابق اب تک اس موجودہ اڈیشن کے 30 ہزار نسخے فروخت ہو چکے ہیں۔ اس میں دو لاکھ 90ہزار الفاظ کے معنی درج ہیں۔
آکسفورڈ ڈکشنری کے تیسرے ایڈیشن پر ابھی کام ہو رہا ہے۔ آکسفورڈ پریس نے اس کی اشاعت کی تاریخ ابھی تک مقرر نہیں کی مگر اس کا کہنا ہے کہ تازہ ایڈیشن پر ایک تہائی کام مکمل ہو چکا ہے۔
بشکریہ VOA

urduskywww.urdusky.com
Comments (0)
Add Comment